خواتین کی مخصوص نشستوں پر تحریک انصاف کی نومنتخب رکن آسیہ عظیم نے رکن قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھا لیا

0
203

اسلام آباد (این این آئی)خواتین کی مخصوص نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کی نومنتخب رکن آسیہ عظیم نے رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں آسیہ عظیم سے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے حلف لیا۔یاد رہے کہ اگست میں الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کے استعفے کے بعد خالی ہونے والی نشست پر آسیہ عظیم چوہدری کو قومی اسمبلی کا مخصوص نشست پر رکن بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن میں کہاگیا تھا کہ ڈاکٹر شیریں مزاری جنہوںنے تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے فیصلے کے مطابق قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیا تھا اورگزشتہ دنوں سپیکر قومی اسمبلی نے ان کا ستعفیٰ منظور کر کے الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا۔خواتین کی مخصوص نشست پر ان کے بعد آسیہ عظیم چوہدری کا نام موجود تھا اور ان کے رکن قومی اسمبلی بننے کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن نے باضابطہ طورپر جاری کر دیا تھا۔آسیہ عظیم چوہدری اس سے قبل مسلم لیگ (ق) کے دور حکومت میں بھی قومی اسمبلی کی رکن رہ چکی ہیں۔قومی اسمبلی میں آسیہ عظیم نے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ ایک مرتبہ پھر مجھے اس ایوان کا دوسری مرتبہ رکن بننے کا موقع فراہم ہوا۔ انہوںنے کہاکہ وطن عزیز قدرتی آفات سمیت دیگر مسائل کا شکار ہے، مہنگائی اور روپے کی قدر میں عدم استحکام جیسے مسائل ہمارے سامنے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ سیلاب کی صورتحال نے حالات مزید خراب کردیئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پارلیمانی جمہوریت مذاکرات کے بغیر پروان نہیں چڑھ سکتی،بات چیت سے ہی مسائل کا حل نکل سکتا ہے، ہم ایک دوسرے کے دشمن نہیں صرف سیاسی حریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی تباہی اقربا پروری اور ناانصافی سے ہوتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے استحکام اور ترقی کے لئے ہر ضروری قدم اٹھانے سے گریز نہیں کروں گی۔انہوںنے کہاکہ ہم دستور کے تحفظ اور دفاع کیلئے بھی قسم اٹھا کر رب سے کامیابی کی دعا کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ قوموں کی تباہی نا انصافی ، اقرباء پروری ، تفرقہ ، سازش اور مذاکرات سے انکار اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے ہی ہوتی رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ میں کس طرح خود کو آئین پاکستان سے انحراف کیلئے تیار کر سکتی ہوں ، میں وطن سے محبت کرتی ہوئی اس کے استحکام اور ترقی کے لئے ہر وہ قدم اٹھائوں گی جو وقت کا تقاضہ ہوگا اور اس کے نتیجے میں ملک میں ترقی و خوشحالی ہوگی ۔انہوںنے کہاکہ میں نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ، پارلیمنٹ کی بالادستی کو تسلیم کرتی ہوں ، عوام اور ملک کی خدمت ، ترقی و خوشحالی کیلئے ہر اس بات کو تسلیم کرونگی جس کے نتیجے میں غربت میں کمی ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ معیشت بہتر ہوگی ، نفرت ختم کر نے کی کوشش ہوگی ، گالی گلوچ ارکان اسمبلی یا راہنمائوں کا کام نہیں ، ہمارا کام قوم کیلئے بہتر راہ کا تعین ہے اور دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہم ان تمام عناصر کو رد کرتے ہیں جو فساد فی الارض کے ذمہ دار ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ہمیں چاہیے کہ اس پارلیمنٹ کی بالادستی کا اعتراف پارلیمنٹ ہی کریں اور اگر ہماری منزل جمہوریت کی کامیابی اور بالادستی ہے تو پھر پارلیمنٹ کو نظر انداز کر نا کسی بھی صورت جمہوری رویہ نہیں۔انہوںنے کہاکہ یہ مقدس ایوان ملکی وسفارتی معاملات پر بحث کر کے راہ نکالنے کا سب سے بہترین فورم ہے ، لوگ اس کا رکن بننے کی خواہش جی میں لے کر دنیا سے چلے جاتے ہیں ، ہماری خوش قسمتی ہے مگر امتحان بھی ہے کہ ہم قوم اور ملک کیلئے کوئی ایسا کام کر جائیں کہ ہم سرخروبھی ہوں اور ملک کی عزت و احترام اور وقار میں بھی اضافہ ہو سکے ۔انہوںنے کہاکہ میں ایک بار پھر عوام کی منتخب نمائندہ ہوں اور میں صرف عوام کے حقوق کے حصول کیلئے آواز اٹھائوںگی اور ماضی کی طرح عمل بھی کرونگی انشاء اللہ سروخرو بھی ہو جائوں گی ۔