اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے جامشورو کے قریب ایم نائن موٹر وے پر کراچی سے واپس گھروں کو جانے والے سیلاب متاثرین کی مسافر کوچ میں آتشزدگی کے نتیجے میں متعدد افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔جمعرات کوسینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے اللہ تعالی سے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت، بلندی درجات اور اہل خانہ کے صبر جمیل کی دعا کی۔ چیئرمین سینیٹ نے مسافر کوچ کے حادثے کے نتیجے میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے بھی اپنے علیحدہ پیغام میں مسافر کوچ میں آتشزدگی کے واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی۔