40 سال تک افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، امریکا

0
283

واشنگٹن (این این آئی)امریکا کے نائب معاون وزیر خارجہ تھامس ویسٹ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کا اہم شراکت دار ہے اور ہم مل کر کام کرتے رہیں گے، 40 سال تک افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں،گزشتہ سال کے دوران پاکستان کے خلاف ٹی ٹی پی کے حملوں میں کافی اضافہ دیکھا ہے اور یہ تشویش کی بات ہے، یہ ایک چیلنج ہے جس سے پاکستان نمٹ رہا ہے۔ایک انٹرویو میں افغانستان کیلئے امریکا کے خصوصی نمائندے تھامس ویسٹ نے کہا کہ دو ہفتے قبل پاکستان میں ڈھائی دن قیام کیا، افغانستان میں مشترکہ مفادات کے حوالے سے بات چیت ہوئی، اسلام آباد میں سکیورٹی اور سویلین عہدیداروں سے بات کرکے خوشی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں طالبان کے ساتھ رابطے میں سہولت کیلئے کسی تیسرے ملک کی ضرورت نہیں ہے، وہ اور امریکی حکومت کے دیگر اراکین طالبان کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ امریکا اور طالبان کے درمیان عملی طور پر کوئی شراکت داری ہوگی، طالبان نے واضح کر دیا ہے کہ یہ ان کی لڑائی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ وہ دوحہ معاہدے میں بیان کردہ اپنے وعدوں کو پورا کریں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ دہشت گرد امریکا یا اس کے اتحادیوں کیلئے خطرہ نہ بنیں۔ایمن الظواہری پر امریکی حملے کے بارے میں تھامس ویسٹ نے کہا کہ، طالبان کا ایمن الظواہری کو پناہ دینا، دوحہ معاہدے کی کھلی خلاف ورزی تھی۔انہوںنے کہاکہ وہ تصدیق کر سکتے ہیں کہ امریکی حکام اور طالبان کے نمائندوں نے دوحہ میں پہلی بار آمنے سامنے ملاقات کی ہے۔