بلاول بھٹو زرداری اور شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کی وزارتی کمیٹی کے افتتاحی اجلاس کی صدارت،سیاسی اور سیکورٹی کے شعبوں سے متعلق گفتگو

0
209

اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے ریاض میں سعودی پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کمیٹی کے پولیٹیکل اینڈ سیکورٹی پلر کی وزارتی کمیٹی کے افتتاحی اجلاس کی مشترکہ طور پر صدارت کی۔ اجلاس کے دوران دونوں فریقین نے سیاسی اور سیکورٹی کے شعبوں سے متعلق مختلف معاملات پر وسیع پیمانے پر بات چیت کی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ اور تزویراتی تعلقات پر زور دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کی قیادتوں کی خواہشات کو پورا کرنے، مشترکہ مقاصد کے حصول اور اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں فریقوں نے بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی ماحول کا جائزہ لیا اور مشترکہ تشویش کے تمام مسائل بشمول بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر، افغانستان، یمن اور شام سمیت دیگر مسائل پر ہم آہنگی جاری رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مملکت سعودی عرب کے تحفظ اور سلامتی کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے علاقائی ممالک کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے والے دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے سائبر سیکیورٹی، دہشت گردی اور اس کی مالی معاونت کے انسداد، منظم جرائم، منشیات کی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کی روک تھام سمیت سلامتی کے شعبے میں درپیش خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔ وزیر خارجہ نے دونوں برادر ممالک کے درمیان موجودہ عسکری اور دفاعی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔ یہ ملاقات سعودی پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے فریم ورک کے تحت ہوئی جس کی صدارت دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کر رہے ہیں۔ اجلاس میں دونوں ممالک کی وزارت خارجہ، دفاع، داخلہ اور سیکیورٹی اور انٹیلی جنس سروسز کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی