پراسکیوشن نے زمینوں پر قبضے کا الزام عائد کیا ،شواہد پیش نہیں کیے’دوست مزاری کی رہائی کا تحریری فیصلہ جاری

0
325

لاہور ( این این آئی) اینٹی کرپشن کی خصوصی عدالت نے سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی رہائی کا تحریری حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پراسکیوشن نے زمینوں پر قبضے کا الزام عائد کیا مگر شواہد پیش نہیں کیے ۔اینٹی کرپشن عدالت کے جج خالد محمود بھٹی نے چار صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ ملتان بنچ نے نوٹسز کو معطل کیے مگر مقدمہ درج کردیا گیا ،پراسکیوشن نے زمینوں پر قبضے کا الزام عائد کیا مگر شواہد پیش نہیں کیے ، اے سی کی رپورٹ میں بھی تضاد پایا گیا جبکہ دوست مزاری پر ریکارڈ چھننے کا الزام بھی ثابت نہیں ہورہا ۔تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ پٹواری خود کہتا ہے کہ تبادلے کے وقت تمام ریکارڈ دوسرے پٹواری کے حوالے کیے ،دوست مزاری سے مزید کوئی ریکوری نہیں کرنی ،پراسکیوشن کے الزامات کو ٹرائل میں دیکھا جائے گا ، عدالت دوست مزاری کو ایک ایک لاکھ کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیتی ہے ۔خیال رہے ہک دوست مزاری پر اینٹی کرپشن حکام نے زمینوں پر قبضہ کرنے کا مقدمہ درج کررکھا تھا جس پر انہیں گرفتار کیا گیا ۔