ولی عہد کی سعودی وزارتوں اوراداروں کوعالمی کپ کے میزبان قطرکی معاونت کی ہدایت

0
292

ریاض (این این آئی )سعودی عرب کے ولی عہد اوروزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے فیفا عالمی کپ 2022 کی میزبانی کرنے والے ہمسایہ ملک قطر کے لیے سعودی عرب کی حمایت ومعاونت کی پیش کش کا اعادہ کیا ہے۔یہ بات سعودی عرب کے وزیرکھیل شہزادہ عبدالعزیزبن ترکی الفیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرجاری ایک بیان میں بتائی ہے۔انھوں نے کہا کہ ولی عہد نے مملکت کی تمام وزارتوں، کمیشنوں اور حکومتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ برادر ملک قطر میں اپنے ہم منصبوں کوعالمی کپ 2022 کی میزبانی کی حمایت میں کسی بھی قسم کی اضافی مدد یا سہولت مہیا کریں۔بیان میں مزیدکہا گیا ہے کہ ولی عہد نے وزیرکھیل کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس معاملے پر عمل کریں۔سعودی ولی عہد قطر میں موجود ہیں اور وہ اتوار کی شام فٹ بال عالمی کپ ٹورنا منٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کررہے ہیں۔قطر فیفا عالمی کپ کی میزبانی کرنے والا مشرقِ اوسط کا پہلا ملک ہے۔اس کے خصوصی طور پر تیارکردہ آٹھ اسٹیڈیم میں عالمی کپ کے میچ آج سے 18 دسمبر تک جاری رہیں گے۔ خطے اوردنیا بھر سے بہت سے شائقین فٹ بال عالمی کپ کے میچ دیکھنے کے لیے دوحہ کا رخ کر رہے ہیں۔