اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ ایڈز کو کنٹرول کرنے کے لیے وفاق میں قانون لا رہے ہیں۔وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے ایڈز کے عالمی دن پرمنعقد سیمینار میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایڈز کے کنٹرول کیلئے قانون کو میرج ایکٹ میں شامل کیا جائے گا جس کی جلد منظوری لے لی جائے گی۔وزیرصحت نے کہا کہ پاکستان میں ایڈز کے 2 لاکھ 40 ہزار ایڈز مریض موجود ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں ایڈز کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ کروانے کی شرح نہ ہونے کے برابر ہے، لوگ ایڈز کا ٹیسٹ کروانے کو تیار نہیں ہوتے اور زبردستی ٹیسٹ نہیں کروایا جا سکتا۔ انہوںنے کہاکہ اپنوں کی دوری ،نفرت کے باعث لوگ ٹیسٹ کرانے سے گریز کرتے ہیں۔ایڈز کے حوالے سے آگاہی کی ضرورت ہے۔عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پینا ڈول کی قیمت میں ہم نے نہیں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اضافہ کیا۔ دوا ساز کمپنی نے پروڈکشن بند کردی اس لئے اضافہ کرنا پڑا۔ چند روز میں 20 سے 21 دواؤں کی قیمت کم کردی جائے گی۔ ملک میں دواؤں کے خام مال کی کمی نہیں ہے۔