واشنگٹن(این این آئی)وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں قبل از وقت انتخابات ملکی مفاد میں نہیں ہیں،انتہائی بدقسمتی ہے کہ عمران خان جب سے اقتدار سے اترے ہیں، وہ الیکشن ہی کا لاگ الاپ رہے ہیں۔امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کے بلاجواز احتجاج سے ملک کو نقصان پہنچ رہاہے، موجودہ صورتحال میں قبل از وقت انتخابات ملکی مفاد میں نہیں ہیں۔بھارت سے متعلق سوال پر مودی کو گجرات کا قصائی کہنے کے بیان کا دفاع کرتے ہوئے بلاول بھٹو بولے کہ انہوں نے بھارتی وزیراعظم سے متعلق تاریخی حقیقت دہرائی ہے۔بلاول بھٹو نے بتایا کہ بی جے پی لیڈر نے ان کے سرکی قیمت 2 کروڑ روپے لگائی ہے، یہ اشتعال انگیز حرکت ریاست اترپردیش کے بی جے پی لیڈر منوپل بنسل نے کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سیلاب کے بعد بحالی کے لیے عالمی برادری کے تعاون کی ضرورت ہے، سیلاب سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔