پاکستان کرکٹ بورڈ 2019ء کا آئین منسوخ ،2014ء کا آئین بحال

0
347

لاہور ( این این آئی) وفاقی حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ 2019ء کا آئین منسوخ کر کے 2014ء کا آئین بحال کر دیا ،چھ کرکٹ ایسویس ایشنز کا نظام ختم کرتے ہوئے بورڈ کے سی ای او کا عہدہ ختم بھی کردیا گیا ، تمام ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کو بھی بحال کردیا گیا ۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت بین الصوبائی رابطہ کی سمری منظور کرتے ہوئے پی سی بی کا 2014ء کا آئین بحال کیا ہے۔وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے سمری منظور کی۔کمیٹی پی سی بی آئین 2014ء کے تحت ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال کرے گی، کمیٹی 120 روز کے اندر نئے چیئرمین اور ممبران کا انتخاب کرے گی۔چھ کرکٹ ایسویس ایشنز کا نظام ختم کرتے ہوئے بورڈ کے سی ای او کا عہدہ ختم بھی کردیا گیا ہے، تمام ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کو بحال کردیا گیا ہے، مینجمنٹ کمیٹی کرکٹ بورڈ کے تمام اختیارات استعمال کرے گی۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ ہمیں آنے والے دنوں میں بہت کام کرنا ہے۔اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ پر نجم سیٹھی نے لکھا کہ پی سی بی کے معاملات میں تبدیلی کے عمل کو خوش آمدید کہنے والوں کا شکریہ۔نجم سیٹھی نے لکھا کہ مینجمنٹ کمیٹی کو معاملات چلانے کے لیے گڈ لک کہیں۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے رمیز راجہ کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے نجم سیٹھی کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ بنانے کی منظوری دی ۔دوسری جانب وزیراعظم پاکستان اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن ان چیف شہباز شریف نے کرکٹ بورڈ کے معاملات چلانے کیلئے 14 رکنی کمیٹی قائم بھی کی ہے۔