سیاحت کی ترقی کیلئے سعودی عرب کے 10 نئے ضوابط جاری

0
253

ریاض (این این آئی )سعودی وزارت سیاحت نے اتوار کو سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے اور مختلف شعبوں میں نشا ثانیہ کی رفتار کو برقرار رکھنے سے متعلق 10 نئے ضوابط جاری کردئیے۔ نئے ضوابط کا مقصد سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ میں کاروبار میں آسانی، جدت اور پائیداری کو مدنظر رکھا جا سکے۔ خدمات کے معیار کو بہتر بنایا جاسکے اور سیاحوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ اسی طرح ان ضوابط کے مقاصد میں شعبہ سیاحت کو سپورٹ کرکے روزگار کیمواقع پیدا کرنا بھی شامل ہے۔نئے ضوابط سیکٹر کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اور مختلف سٹیک ہولڈرز کے خیالات اور مشاہدات کے وسیع جائزے کے بعد تیار کیے گئے ہیں۔ وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا کہ نئے ضابطے ان اقدامات کی تکمیل کرتے ہیں جن پر وزارت سیاحت قومی سیاحت کی ترقی کے لیے عمومی حکمت عملی کے اہداف کے حصول کے لیے کام کر رہی ہے۔ اس حکمت عملی کے تحت سیاحت کے شعبے میں قومی قابلیت کے لیے ملازمت کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے وضاحت کی کہ سسٹم کی بنیاد پر جاری کردہ ضوابط میں ہر قسم کی سیاحتی سرگرمیوں کو ریگولیٹ کرنے کے ساتھ ساتھ سیاحتی منڈی میں نئی سرگرمیاں شامل ہیں۔ اسی طرح ان ضوابط میں خدمات کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے کنٹرول اور انسپکشن کے انتظامات کو شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا یہ ضوابط بین الاقوامی طریقوں کے مطابق تیار کئے گئے ہیں، ان کا انتخاب ورلڈ اکنامک فورم کی جاری کردہ سیاحت اور سفر کی مسابقت میں سرفہرست دس ممالک کے انڈیکس کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سیاحت کے شعبہ کی بے انتہا حمایت کی ہے۔ سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری سعودی عرب کے ویژن 2030 کے ستونوں میں سے ایک ہے۔ وزارت نے سیاحت کے شعبے کے ڈیلرز کو اپنی شرائط نئی ضروریات اور معیارات کے مطابق ایڈجسٹ کرنے کے لیے 90 دن کا وقت دے دیا۔سیاحت کے شعبے کے ڈیلرز وزارت کی آفیشل ویب سائٹ پر جا کر یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ٹورازم کمیونیکیشن سینٹرز میں وزارت کے آفیشل چینلز کے ذریعے نئے ضوابط کی آگاہی لے سکتے اور اس حوالے سے سوالات کا جواب لے سکتے ہیں۔