نیویارک (این این آئی)امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ تعلیم کے شعبے میں مضبوط پاک امریکہ روابط قائم کرنا اور پاکستانی طلباء کو امریکہ کی اعلیٰ ترین یونیورسٹیوں تک رسائی حاصل کرنے میں سہولت فراہم کرنا 2023 میں ایک اولین ترجیح رہے گا۔ پاکستانی سفارت خانہ واشنگٹن میں یونیورسٹی آف بلتستان کے وفد سے ملاقات کے دوران پاکستان کے اعلیٰ مندوب نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں تعاون پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات کا ایک اہم ستون رہا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان کی سربراہی میں آئے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں دہائیوں پر محیط پاک امریکہ تعاون نے نہ صرف پاکستانی نوجوانوں کیلئے بے شمار مواقع پیدا کیے ہیں بلکہ دو نوں ملکوں کے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی تاثرات کو بہتر بنانے میں بھی مدد کی ہے۔مسعود خان نے کہا کہ امریکی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں داخلہ لینے والے پاکستانی طلباء کی تعداد 17 فیصد اضافے کے ساتھ 8000 ہو گئی ہے تاہم ابھی بھی یہ خطے کے دیگر ممالک کے طلباء کی تعداد کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ ہم خاص طور پر سائنس ٹیکنالوجی، انجنیرنگ اور ریاضی مضامین میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لیے کام کریں گے۔انہوں نے کہا ہم امریکی حکومت کے مشکور ہیں کہ انہوں نے پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے ہمارے ہونہار طلبا اور طالبات کے لئے امریکہ میں موجود دنیا کے معروف تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کی حوصلہ افزائی کرنے پر خصوصی توجہ دی ہے۔ مسعود خان نے کہا کہ جدید ترین تعلیمی اداروں تک رسائی ، جدید علوم کا سیکھنا اور بین الثقافتی تعاملات ہمارے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے میں مدد دیتے ہیں۔ ڈاکٹر نعیم خان نے سفیر پاکستان کو بلتستان یونیورسٹی کی جانب سے حاصل کیے گئے مختلف اہم سنگ میلوں کامیابیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستانی سفیر کو یونیورسٹی آف بلتستان اور بوسٹن آرکیٹیکچرل کالج کے درمیان موجود تعلیمی روابط سے آگاہ کیا جس کا مقصد ثقافتی ورثہ کے انتظام کے نصاب، ڈیجیٹل آرکائیوز، نصاب کی معاونت، فیکلٹی کی تربیت اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے بوائزء سٹیٹ یونیورسٹی اور بلتستان یونیورسٹی کے مابین تعاون کے حوالے سے بھی سفیر پاکستان کو بریف کیا۔ ڈاکٹر نعیم خان نے سفیر پاکستان کے ساتھ امریکی محکمہ خارجہ کے تعاون سے اسکردو، گلگت بلتستان میں بین الاقوامی بدھ مت کانفرنس کے انعقاد کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔پاکستانی سفیر مسعود خان نے یونیورسٹی آف بلتستان کی جانب سے امریکی جامعات اور تعلیمی اداروں سے تعاون کے فروغ کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ سائنس، ٹیکنالوجی، انجنیئرنگ، ریاضی (اسٹیم ) ، سیاحت، کانوں اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون سے علاقے میں موجود بیشمار انسانی و قدرتی وسائل کو برؤے کار لانے میں مدد ملے گی۔ مسعود خان نے یقین دلایا کہ پاکستانی سفارت خانہ یونیورسٹیوں کے مابین پارٹنرشپ کے فروغ کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
مقبول خبریں
26ویں آئینی ترمیم پاس کرنے کیلئے اربوں روپے بانٹے گئے،اسد قیصر
صوابی(این این آئی)سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ 26ویں آئینی ترمیم پاس کرنے کیلئے اربوں روپے بانٹے گئے۔صوابی میں کارکنوں سے...
بشریٰ بی بی کیخلاف ملتان، لیہ، گوجرانوالہ میں مقدمہ درج
اسلام آباد(این این آئی)بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف مختلف شہروں میں مقدمے درج کر لیے گئے۔پولیس کے مطابق...
24نومبر کا احتجاج رکوانے کیلئے محسن نقوی کا چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر...
اسلام آباد(این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے...
ٹرمپ کا 2020 کے انتخابات کی جانچ پڑتال کیلیے تحقیقاتی ٹیموں کو اکٹھا کرنے...
واشنگٹن(این این آئی )امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ٹرمپ 2020 کے انتخابات کی جانچ پڑتال کے لیے تحقیقاتی ٹیموں کو اکٹھا کرنے کا...
پاکستان اسٹاک ایکسچینج: کاروباری ہفتے میں بلند ترین سطح 99 ہزار 623 رہی
کراچی (این این آئی)پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے کاروباری ہفتے کے اختتام پر اپ ڈیٹس سامنے آ گئیں۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے میں مثبت...