الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کا ارتکاب کیا، تحریک انصاف

0
236

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلئے لوگ پولنگ اسٹیشنز پہنچے تاہم الیکشن کمیشن کا عملہ نہیں پہنچ سکا ۔پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کے آفیشل ٹوئٹر اکائونٹ سے کی گئی ٹوئٹ میں کہا گیا کہ عدالتی حکم کے بعد لوگ پولنگ سٹیشنز کے باہر اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے موجود ہیں تاہم الیکشن کمیشن کا عملہ نہ آیا، عدالت کے حکم کو اِس الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت نے رد کردیا۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد نہ کر کے الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر ظاہر کر دیا کہ یہ امپورٹڈ حکومت اور اس کے حامیوں کی بی ٹیم ہے۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ عوام سے خوفزدہ پی ڈی ایم تمام انتخابات سے بھاگ رہی ہے، ووٹ کا حق ایک بنیادی جمہوری اصول ہے اور پی ٹی آئی اس پر کاربند ہے۔پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میں ووٹر پولنگ اسٹیشن کے باہر کھڑے رہے تاہم عدالت کے واضح احکامات کے باوجود انتخابات روک دیے گئے ہیں۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ووٹ سے خوفزدہ حکومت اپنے کٹھ پتلی الیکشن کمشنر کے ساتھ مل کر عوام اور آئین کا مذاق اڑا رہی ہے، عدالت اپنے فیصلے پر عملدرآمد کروائے اور توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔پی ٹی ائی رہنما شیریں مزاری نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن کے تعصب کے بارے میں رتی برابر بھی شک رہ گیا تھا تو وہ بھی ختم ہوگیا کیونکہ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کی اجازت نہ دے کر بدمعاشوں اور سازشیوں کو خوش کر کے توہین عدالت کا ارتکاب کیا ہے۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں مطالبہ کیا کہ الیکشن کے انعقاد کے معاملے پر سیاست کھیلنے پر الیکشن کمیشن انتظامیہ کو فوری استعفیٰ دے دینا چاہیے۔قبل ازیں جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی اسد عمر نے ایک ویڈیو پیغام میں دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی ٹیمیں اور ووٹرز صبح سے پولنگ اسٹیشنز کے باہر موجود تھیں لیکن انتخابی عملہ غائب رہا۔انہوں نے کہا کہ یہ امپوٹڈ حکومت لوگوں سے خوفزدہ ہے، جہاں بھی الیکشن ہوتا ہے یہ وہاں سے بہانے بنا کر بھاگتے ہیں۔