ہزارہ الیکٹرک کمپنی کے قیام کو جھوٹ قرار دے کر عمر ایوب ہزارہ ڈویژن سے غداری کر رہے ہیں، مرتضیٰ جاوید عباسی

0
352

اسلام آباد (این این آئی)لیگی رہنما و وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کو جواب دیتے ہوئے کہاہے کہ ہزارہ الیکٹرک کمپنی کے قیام کو جھوٹ قرار دے کر عمر ایوب ہزارہ ڈویژن سے غداری کر رہے ہیں ۔ اپنے بیان میں مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہاکہ ہزارہ الیکٹرک کمپنی کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے ، ہزارہ الیکٹرک کمپنی کے قیام کی سمری وفاقی کابینہ سے منظور ہو چکی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ہزارہ الیکٹرک کمپنی کے قیام کو جھوٹ قرار دے کر عمر ایوب ہزارہ ڈویژن سے غداری کر رہے ہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ میں نے خود اکتوبر 2017 میں ہزارہ الیکٹرک کمپنی کا ڈائریکٹو جاری کروایا ، 2017 میں اْس وقت کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے میری درخواست پر ڈائریکٹو جاری کیا ۔ انہوںنے کہاکہ عمر ایوب وہ شخص ہے جس نے مشرف دور میں ہزارہ موٹروے نہیں بننے دی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عمر ایوب نے اپنے پی ٹی آئی کے چار سالہ دور میں ہزارہ الیکٹرک کمپنی نہیں بننے دی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عمر ایوب نے جھوٹا ویڈیو پیغام جاری کرکے ہزارہ ڈویژن کے عوام کے ساتھ غداری کی ۔ انہوںنے کہاکہ ہزارہ الیکٹرک کمپنی کے قیام کو جھوٹ قرار دینے والے عمر ایوب کو غدار ہزارہ کا لقب دیا جائے ۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ ہزارہ الیکٹرک کمپنی سے ہزارہ ڈویژن کی عوام کو فائدہ پہنچے گا ۔