”رجیم چینج آپریشن” کی کلیدی کٹھ پتلیوں کے ڈھیر ہونے کے بعد ریزروڈ مْہرے میدان میں اتارے جارہے ہیں،زلفی بخاری

0
303

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری نے کہا ہے کہ ”رجیم چینج آپریشن” کی کلیدی کٹھ پتلیوں کے ڈھیر ہونے کے بعد ریزروڈ مْہرے میدان میں اتارے جارہے ہیں، پنجاب کے ایک سابق گورنر کی سیاسی منظر نامے پر آنیاں جانیاں اسی سلسلے کی ایک کَڑی ہے،موصوف کی سیاست ذات کے حصار میں قید، صرف سازگار حالات ہی میں ساتھ کھڑا ہونے پر ایمان رکھتے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ سابق گورنر صاحب پر پہلے جنہوں نے احسان کیا مشکل وقت آتے ہی ان کا ساتھ چھوڑ گئے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے سابق گورنر کو جگہ دی تو تب تک اقتدار کے مزے لوٹتے رہے جب تک یہاں زمین گرم نہیں ہوئی۔ انہوںنے کہاکہ اب موصوف کسی نئے ٹھکانے کی تلاش میں وہ سب کہہ رہے ہیں جو ان کے منہ میں ٹھونسا جارہا ہے، موصوف کی برطانیہ میں سیاست بھی اسی قسم کی قلابازیوں کا مجموعہ رہی۔ انہوںنے کہاکہ سابق گورنر صاحب کو وہی بیانیہ زندہ کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جسے قوم ردّی کی ٹوکری میں ڈال چکی ہے۔ انہوںنے کہاکہ جس جھوٹ کو گزشتہ 9 ماہ میں 13 جماعتیں مل کر سچ نہ بناسکیں اسے سچ بنانے کیلئے سابق گورنر صاحب کی خدمات لی گئی ہیں۔انہوںنے کہاکہ فیصلہ سازوں کا غلطیوں پر اصرار قوم پر مسلسل حادثات کے دروازے کھول رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ سیاست قوم کے اعتماد کا بوجھ اٹھانے کا نام ہے، کٹھ پتلیوں اور سیاسی خانہ بدوشوں کا جمعہ بازار لگانے کا نہیں۔ انہوںنے کہاکہ ردّی کی ٹوکری میں سے نکال کر سیاست میں اتاری جانے والی کٹھ پتلیوں کا حال باہر سے بلوا کر حکومت میں بٹھائے جانے والے مجرموں سے مختلف نہیں ہوگا۔ سابق معاون خصوصی نے کہاکہ ریاستی فیصلہ ساز نئے نئے ناٹک رچانے کی بجائے خود احتسابی پر خود کو آمادہ کریں۔ انہوںنے کہاکہ بھونڈے تجربوں اور بیہودہ منصوبوں میں جان ڈالنے کی کوششوں کی بجائے سیاست کو فطری طریقے پر آگے بڑھنے دیں، مردہ بیانیے زندہ کرنے اور مائنس ون کے فارمولے بنانے کی بجائے قوم کے فیصلے قوم پر چھوڑیں