پاکستان کوملنے والی امداد سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے خرچ کی جائیگی ،ترجمان دفتر خارجہ

0
201

اسلام آباد (این این آئی)دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ جنیوا کانفرنس میں پاکستان کو ملنے والی امداد موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے خرچ کی جائیگی، کابل میں دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں ،دہشتگردی دونوں ممالک کیلئے خطرہ ہے ، پاکستان مشکل وقت میں افغانستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے،جموں و کشمیر متنازعہ معاملہ ہے ، حل میں عالمی برادری کردار ادا کرے ،پاکستان کشمیریوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا۔دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف دو روزہ دورہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی دعوت پر کررہے ہیں ، وزیر اعظم نے دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے صدر اور وزیر اعظم کے علاوہ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم سے ملاقاتیں کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے ان ملاقاتوں کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ فریقین نے دو طرفہ سرمایہ کاری تعاون کو وسعت دینے، شراکت داری کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے کیلئے پاکستانی اور اماراتی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے ملاقات کی ۔ترجمان نے کہا کہ رواں ہفتے پاکستان نے جنیوا میں ڈونرز کانفرنس منعقد کی جس میں عالمی برادری اور مالیاتی اداروں نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے دل کھول کر مدد کی ہے۔ کابل میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ دہشت گردی دونوں ممالک کے لئے خطرہ ہے ۔انہوںنے کہاکہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے افغان عبوری وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، پاکستان مشکل وقت میں افغانستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔دفتر خارجہ کی ترجمان نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا۔انہوںنے کہاکہ میانمار میں بھارتی سرجیکل اسٹرائیک کی خبریں دیکھی ہیں ،معاملے کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے ،اس ایشو پر فی الحال تبصرہ نہیں کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ نیو یارک میں روز ویکٹ ہوٹل نجی پراپرٹی ہے ،پی آئی اے اس پر بہتر تبصرہ کریگا۔ انہوںنے کہاکہ جموں و کشمیر متنازعہ معاملہ ہے اس کے حل میں عالمی برادری کردار ادا کرے ۔ انہوںنے کہاکہ پاک بھارت بات چیت میں جو بھی ملک ثالثی کنا چاہے تو اسکو خوش آمدید کہیں گے۔ ایک انٹرویو میں انہوںنے کہاکہ جو بھی افغان باشندہ غیر قانونی رہائش پزیر یا قید ہو اسے وطن واپس بھجوایا جائے گا،اس حوالے سے افغان سفارتخانے کے ساتھ رابطے میں ہیں۔