پانامہ کے معاملے پر پارلیمانی کمیشن بنایا جائے ،دو سابقہ جرنیلوں،بریگیڈئیر کے دبائو پر بغاوت کا مقدمہ بنایا گیا’ کیپٹن(ر) صفدر

0
188

لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر نے پانامہ کے معاملے پر پارلیمانی کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل (ر) باجوہ ،جنرل (ر) فیض حمید اور بریگیڈئیر (ر) مصدق عباسی کے دبائو پر آئینی پراسس ختم کر کے موجودہ اور سابقہ اراکین اسمبلی پر بغاوت کی ایف آئی آر درج کرائی گئی ،ملک کی تباہی کے اصل ذمہ دار جنرل (ر) باجوہ اور جسٹس (ر) ثاقب نثار ہیں ،ہر اس شخص کو مائنس ہونا پڑے گا جسے عوام کی حمایت حاصل نہیں ہے ،عمران خان کسی کے ایجنڈے پر ہے ،وہ پاکستان کے خلاف سازش کرنے والوںکا مہرہ ہے۔ عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ میں گزشتہ چار سال سے عدالتوںمیں بغاوت کا مقدمہ لڑ رہا ہوں۔اس مقدمے میں سابقہ سیکٹر کمانڈر بریگیدئیر (ر) مصدق عباسی کو حاضر کیا جائے ،یہ عدالت قانون اور آئین پاکستان اس سے کچھ سوالات پوچھنا چا رہا ہے ۔ کیسے اس وقت کے ایک بریگیڈئیر نے سیکرٹری داخلہ ،سی سی پی او، ڈپٹی کمشنر اور دیگر کو دبائو میں لا کر بغاوت کے مقدمے کا اندراج کرایا ۔ کیا اس کے لئے قانونی ضابطے پورے کئے گئے جس پر میں نے جیل بھی کاٹی ۔کس طرح ایک بریگیڈئیر کی ایماء پر آئینی پراسس ختم کردیا گیا اور موجودہ اور سابقہ اراکین اسمبلی پربغاوت کا کیس بنایا گیا۔انہوںنے کہا کہ کس طرح ایک ریٹائرڈ جج کی اہلیہ نے حاضر سروس جج کی اہلیہ کو فون کر کے کیس فکس کر ائے، میں اس جج کی ریٹائرمنٹ کے انتظار میںہوں، اس جج کی ریٹائرمنٹ کے بعد بھی پردہ اٹھائوں گا جو اس وقت پشاور ہائیکورٹ میں بیٹھا ہوا ہے،کیسے بغیر نوٹس کے فیصلے کر دیتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ جنرل (ر)باجوہ بازو نے بازو مروڑ کر ملازمت کی مدت میں توسیع لی ، جنرل (ر) باجوہ اور جنرل (ر) فیض حمید کو یہاں آنے پڑے گا ، سابق بریگیڈئیر مصدق عباسی کو بھی یہاں آنا ہوگا ،میں ان مقدموں کا پیچھا کروں گا اور اور جرات کے ساتھ نظر رکھوں گا اورآئندہ کسی گریڈ 22کے افسر کی جرات نہیں ہوگی کہ وہ خدا بن بیٹھے ۔انہوںنے کہا کہ جنرل (ر) باجوہ نے آئین کو بحال رکھتے ہوئے پس پردہ آئین کی دھجیاں بکھیریں ۔انہوںنے اس سوال کہ عمران خان بھی اسٹیبلشمنٹ پر تنقید کرتے ہیں آپ اور عمران ایک پیج پر ہیں کا جواب دیتے ہوئے کہا میں قانون اور قاعدے کے پیج پر ہوں ، میں نہ عمران کو جانتا ہوں نہ کسی اور کو جانتا ہوں، آئین پاکستان نے مجھے حقوق دئیے میں اس کی جنگ لڑ رہا ہوں ، نواز شریف نے بھی آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے ووٹ کو عزت دو کی آواز لگائی ۔ عمران خان نے سابقہ آرمی چیف کے ساتھ مل کر الیکشن چوری کیا ، میں عمران خان کے پیج پر نہیں ،وہ کسی اور کے پیچ پر رہ کر ریاست کے خلاف سازش کر رہا ہے،جنرل (ر)باجوہ نے ملک کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کیا ، جنرل (ر)باجوہ اور جسٹس (ر)ثاقب نثار قوم کے اصل مجرم ہیں