سینئر وکیل لطیف آفریدی کے قتل کے خلاف ملک بھر میں وکلاء ،بار کونسلز کی اپیل پر عدالتوں میں ہڑتال

0
824

لاہور/ اسلام آباد /پشاور /کراچی ( این این آئی) سینئر وکیل لطیف آفریدی کے قتل کے خلاف ملک بھر میں وکلاء اور بار کونسلز کی اپیل پر عدالتوں میں ہڑتال کی گئی ،پنجاب بار، لاہور ہائیکورٹ بار، لاہور بار، پاکستان بار کونسل، اسلام آباد بار کونسل اور پختونخوا بار کونسل کی اپیل پر وکلاء احتجاجاً عدالتوں میں پیش نہ ہوئے جس کے باعث سینکڑوں مقدمات کی سماعت نہ ہو سکی ۔وکلا تنظیموں کی جانب سے سپریم کورٹ بار کے سابق صدر لطف آفریدی کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ آئے روز وکلاء کو عدالتوں کے اندر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ وکلا کو سکیورٹی کے ساتھ ایسے واقعات روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سردار اکبر علی ڈوگر ،نائب صدر سہیل شفیق چوہدری ، سیکرٹری رائے عثمان احمد اور فنانس سیکرٹری رانا علی اختر خاں نے عبدالطیف آفریدی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے اور بار رومز ، عدالتوں کے اندر وکلا و سائلین محفوظ نہ ہیں اور آئے روز وکلا کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عبدالطیف آفریدی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کر کے عدالت میں کٹہرے میں لایا جائے اور وکلا کی ہر سطح پر حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ عہدیداران لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ وکلا کو سیکورٹی مہیا کرنے کے علاوہ وکلا کے خلاف ان تمام واقعات کا فی الفور نوٹس لیا جائے اور وکلا کے خلاف واقعات کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدام کئے جائیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی سینئر قانون دان عبداللطیف آفریدی کے پشاور میں قتل کے خلاف وکلا کی جزوی ہڑتال جاری رہی، اس دوران وکلاء صرف ارجنٹ یا ہنگامی نوعیت کے کیسز میں پیش ہو ئے ۔ادھر پشاور میں بھی وکلاء عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کرتے ہوئے مقدمات کی سماعت میں پیش نہیں ہوئے۔ خیبر پختونخوا بار کونسل اور پشاور ہائی کورٹ بار نے ہڑتال کے ساتھ تین روزہ سوگ کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔دریں اثنا سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر لطیف آفریدی کے قتل کے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ میں چیف جسٹس کے احکامات کے بعد تمام عدالتی کیسز ڈسچارج کردیئے گئے۔سندھ بار کونسل اور سندھ ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن کی عدالتی بائیکاٹ کی اپیل پر وکلا نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ وکلا رہنمائوں نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سے ملاقات کی اور کہا کہ سینئر وکیل لطیف آفریدی قتل پر عدالتی امور معطل رکھے جائیں۔چیف جسٹس نے عدالتی امور معطل کرنے کی اپیل منظور کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ میں تمام عدالتی کیسز ڈسچارج کر دیئے تاہم فوری اور ہنگامی نوعیت کے کیسز ججز چیمبر میں سنے گئے ۔دوسری جانب کراچی بار کی جانب سے بھی ضلعی عدالتوں میں بائیکاٹ کیا گیا، جس کی وجہ سے اہم کیسز کی سماعت بھی متاثر رہی۔ کراچی بار کی جانب سے لطیف آفریدی قتل پر زور مذمت کی گئی۔واضح رہے کہ پیرکے روز سینئر قانون دان اور سابق صدر سپریم کورٹ بار عبداللطیف آفریدی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھاجبکہ پولیس نے واقعے کے بعد فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔