الیکشن کمیشن کراچی بلدیاتی انتخابات کالعدم قرار دیکر مستعفی ہو، پی ٹی آئی کا مطالبہ

0
295

اسلام آباد(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے کراچی میں بلدیاتی انتخابات کالعدم قرار دیکر مستعفی ہونے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہاہے کہ پیپلز پارٹی نے طاقت اور دھاندلی سے کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں عوامی مینڈیٹ چوری کیا،ویڈیو پردھاندلی کرنیوالوں کے بجائے امجد آفریدی کو گرفتار کرلیا گیا، امجد آفریدی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ،ان کے بھائی کی آنکھ ضائع ہو گئی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے طاقت اور دھاندلی سے کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں عوامی مینڈیٹ چوری کیا، انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے۔اسد عمر نے کہاکہ پہلے انتخابات ملتوی کرانے کی کوشش کی گئی، سندھ میں آخر کار 15جنوری کو انتخابات ہوئے لیکن پھر مینڈیٹ چوری کر لیا گیا۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کے دن صبح دھاندلی شروع ہوئی، پی ٹی آئی کے رہنما امجد آفریدی نے ویڈیو میں بتایا کہ کیسے ایک ہزارووٹ پولنگ سٹیشن لائے گئے، ویڈیو پردھاندلی کرنے والوں کے بجائے امجد آفریدی کو گرفتار کرلیا گیا، امجد آفریدی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اوران کے بھائی کی ایک آنکھ ضائع ہو گئی۔پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ الیکشن کہیں پہاڑوں پر نہیں بلکہ یونین کونسل میں ہو رہا تھا، انتخابی عملے پردبا ئوڈالا گیا، الیکشن کمیشن اس سارے عمل میں بے بس نظر آرہا ہے، مینڈیٹ چوری ہونے پر جب عوام نے احتجاج کیا تو پولیس نے پی ٹی آئی ورکرز کو حراست میں لے لیا۔اسد عمر نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی بدترین دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر تشدد کیا گیا، کراچی کے خلاف انتہائی خوفناک گیم کھیلا جا رہا ہے، ہرطریقے سے کراچی کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ مقامی حکومت میں بھی جن کو کراچی والوں نے ووٹ دیا ان کومینڈیٹ نہیں دیا گیا، جماعت اسلامی کی بھی سیٹیں چھینی گئی ہیں، کراچی کے اس الیکشن کو مسترد کرتے ہیں، کراچی کے بلدیاتی انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے اور الیکشن کمیشن مستعفی ہو۔