حکومت کشمیری قیادت کی رہائی کیلئے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرے ، مشعال ملک

0
337

اسلام آباد (این این آئی)کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پاکستان یاسین ملک سمیت جیلوں میں بند حریت قیادت کی رہائی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرے ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت ختم اور آبادی میں تبدیلی پر نئی قرارداد اورکشمیرانوائے مقرر کیا جائے ، دنیا کا امن کشمیر کے پرامن حل کے ساتھ منسلک ہے ، ہندوستان کے اندر سول وار آرہی ہے ، بھاری سرمایہ کاریاں بھی اسی سول وار کی نذر ہوجائیں گی ۔ وہ جمعہ کو وزارت اطلاعات و نشریات کے ذیلی ادارے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز (ڈی ای ایم پی) کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں منعقدہ ایک روزہ ڈیجیٹل فوٹوگرافک اینڈ پینٹنگ نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز طارق محمود ، اے پی ایچ سی راہنما عبدالحمید لون ، ڈائریکٹر فلم آصف الرحمان ، ڈپٹی ڈائریکٹر فلم اینڈ ایگزبیشن فارینہ مغل سمیت وزارت اطلاعات و نشریات کے حکام تقریب میں شریک تھے ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ڈی ای ایم پی طارق محمود نے نمائش سے متعلق شرکا کو بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز نے جامعات کے طلبا و طالبات کی جانب سے تیار کردہ آزادی تحریک کے حوالے سے پینٹگز مقابلوں میں بہترین فن پاروں کو آج نمائش کے لئے رکھا گیا ہے جبکہ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز کی جانب سے تیار کی گئی”کشمیر بلیک آئوٹ”اور”سٹوری آف کشمیر ”دستاویزی فلموں اور یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ”کشمیر ہمارا ہے”کے عنوان سے نغمے کا اجرا کیا گیا ہے ، یہ بھی اسی نمائش کا ہی حصہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مشعال حسین ملک نے کہا کہ آج کی اس نمائش میں تحریک آزادی کو بہترین انداز میں اجاگر کیا گیا ہے ، تصویر دنیا کو اصل حقیقت سے آشنا کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں قیامت کا منظر ہے ،ہم نے اپنی نئی نسل کو بتانا ہے کہ ہندوستان 75 سالوں سے کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے ، مقبوضہ کشمیر میں مکمل بلیک آئوٹ ہے کوئی ہے ہی نہیں جو ہندوستان کی دہشت گردی کو روکے ۔