یوم یکجہتی کشمیر بیرسٹر سلطان کی قیادت میں بھارتی سفارتخانے سے برطانوی وزیر اعظم کی رہائشگاہ تک کشمیریوں کا احتجاجی مارچ

0
236

لندن (این این آئی) 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں صدرریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں بھارتی سفارتخانے سے برطانوی وزیر اعظم کی رہائش گاہ 10ڈائوننگ سٹریٹ تک ہزاروں کشمیریوں نے زبردست یکجہتی مارچ کیا ۔ اس موقع پر یکجہتی مارچ کے شرکاء مودی قصائی، کشمیریوں کا قاتل مودی، انڈیا کشمیر ہمارا چھوڑ دو، گو مودی گو ، لے کر رہیں گے آزادی ہے حق ہمارا آزادی، مقبوضہ کشمیر میں قتل عام بند کرو، اقوام متحدہ کشمیریوں کو اُن کا حق خودارادیت دلوائے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے، مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین نا منظور، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کروجیسے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے اور انہی نعروں پر مشتمل پلے کارڈز، بینرز اور پینافلیکس اُٹھائے ہوئے تھے۔ کشمیریوں کے اس یکجہتی مارچ کی خصوصیت یہ تھی کہ اس میں شریک شرکاء صرف آزادکشمیر کے جھنڈے اُٹھائے ہوئے تھے اس یکجہتی مارچ میں جہاں برطانیہ کے مختلف شہروں اور یورپ کے دیگر ممالک سے بڑی تعداد میں لوگ شرکت کے لئے لندن آئے ہوئے تھے وہاں اس یکجہتی مارچ میں خواتین کی بھی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر یکجہتی مارچ کے شرکاء سے اپنے خطاب میں صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اُس وقت پیدا ہوا جب برطانیہ اپنے دو سو سالہ اقتدار کے خاتمے پر برصغیر سے گیا۔ لہذا برطانیہ کی یہ دوہری ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے اور کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوائے۔ انٹرنیشنل کمیونٹی کو یہ چیز ذہن نشین ہونی چاہیے کہ پاکستان اور بھارت تیسری دنیا کی دو جوہری طاقتیں ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان کوئی بھی بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے جو کہ پوری دنیا کے امن کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ جنوبی ایشیاء پر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں لہذا عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ بھارت یہ جان لے کہ وہ اپنے توپ و تفنگ سے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو زیر نہیں کر سکتااور دنیا بھر میں مقیم کشمیری مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہیں اور ہماری یہ جدوجہد اُس وقت تک جاری و ساری رہے گی جب تک کہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی نہیں حاصل کر لیتے۔ آج یہاں لندن میں برطانیہ بھر اور یورپ کے دیگر ممالک سے آئے ہوئے کشمیریوں نے جس طرح اس مارچ میں بڑی تعداد میں شرکت کر کے جہاں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کااظہار کیا ہے وہاں انٹرنیشنل کمیونٹی کو بھی یہ باور کراد دیا ہے کہ کشمیری اب مقبوضہ کشمیر پربھارتی تسلط کو تسلیم نہیں کرتے اور انشاء اللہ وہ وقت قریب ہے جب مقبوضہ کشمیر بھارت کے جابرانہ غاصبانہ قبضے سے آزاد ہو کر رہے گا۔