مخیر حضرات افراد وزیرِ اعظم فنڈ برائے زلزلہ زدگانِ ترکیہ اور شام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں،وزیر اعظم محمد شہباز شریف

0
262

اسلام آباد (این این آئی)و زیر اعظم شہباز شریف نے مخیر حضرات، صنعتکاروں اور کاروباری افراد سے وزیرِ اعظم فنڈ برائے زلزلہ زدگانِ ترکیہ اور شام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستانی عوام زلزلہ زدگان کیلئے امدادی اشیاء این ڈی ایم اے کے کلیکشن سینٹرز پر جمع کروا سکتے ہیں،ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کی امداد کیلئے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں فنڈ ریزنگ کی جائے جبکہ وزیراعظم نے ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کی امدادی کاروائیوں کو منظم کرنے کیلئے اعلی سطحی کمیٹی قائم کر دی ،وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں وزیرِ ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق، وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کمیٹی کے رکن ہونگے،وزیرِ تعلیم رانا تنویر حسین، وزیرِ مذہبی امور مفتی عبدالشکور، چیئرمین این ڈی ایم اے، پاکستان کے ترکیہ اور شام میں سفیر اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی کمیٹی کے ممبر ہونگے۔ جمعرات کووزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ترکیہ اور شام میں زلزلہ زدگان کیلئے امدادی سرگرمیوں پر جائزہ اجلاس ہوا اجلاس کو پاکستان کے ترکیہ میں سفیر نے زلزلے سے تباہی کے اعدادو شمار کے حوالے سے آگاہ کیا،۔وزیرِ اعظم نے انکی امدادی کوششوں میں بہتر کردار کو سراہتے ہوئے انکو ہدایت کی کہ وہ ترکیہ حکومت اور پاکستانی اداروں کے درمیاں روابط کر مزید مضبوط کریں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان کی طرف سے نہ صرف امدادی سامان اور ریسکیو ٹیمیں اس وقت ترکیہ اور شام پہنچ چکی ہیں اور امدادی کاروائیوں میں ہاتھ بٹا رہی ہیں جبکہ پی آئی اے مسلسل پروازوں سے لاہور اور اسلام آباد سے ترکیہ اور شام سامان کی ترسیل یقینی بنا رہا ہے. مزید برآں آئندہ چند دن میں ٹرکوں کے قافلے بذریعہ ایران امدادی سامان لے کر ترکیہ اور شام روانہ ہوں گے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ زلزلہ زدگان کی امداد کیلئے ملک گیر آگاہی مہم جاری ہے. وزیرِ اعظم کے زلزلہ زدگان کیلئے قائم کردہ فنڈ کے اکاؤنٹ نمبر Gـ12166 میں امدادی رقوم جمع کروائی جاسکتی ہیں جبکہ دیگر امدادی سامان کا عطیہ NDMA کے کسی بھی کلیکشن سینٹر میں جمع کروایا جا سکتا ہے، اس سلسلے میں این ڈی ایم اے ملک بھر میں 13 کلیکشن سینٹرز بنا چکی ہے جبکہ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر ان کلیکشن سینٹرز کو ہر ضلع میں توسیع دی جا رہی ہے. درکار امدادی سامان میں سرد موسم کی مناسبت سے خیمے، گرم کپڑے، کمبل، موزے، بچوں کی تیار خوارک وغیرہ شامل ہیں. اجلاس کو پاکستان کی طرف سے بھیجی جانے والی ریسکیو ٹیموں، امدادی سامان اور 30 بستروں پر مشتمل اسپتال کی موجودہ کارکردگی سے بھی آگاہ کیا گیا، زخمیوں کے علاج کیلئے پاکستان کی طرف سے مزید ایک ایک موبائل ہسپتال ترکیہ اور شام روانہ کیا جا رہا ہے ۔اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، خواجہ سعد رفیق، معاونِ خصوصی طارق فاطمی، چیئرمین این ڈی ایم اے ، اور پاکستان کے ترکیہ میں سفیر کے علاوہ متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کی امداد کیلئے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں فنڈ ریزنگ کی جائے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ میری پاکستان کے مخیر حضرات، صنعتکاروں اور کاروباری افراد سے وزیرِ اعظم فنڈ برائے زلزلہ زدگانِ ترکیہ اور شام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستانی عوام زلزلہ زدگان کیلئے امدادی اشیاء این ڈی ایم اے کے کلیکشن سینٹرز پر جمع کروا سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ مصیبت کی اس گھڑی میں پاکستان ترکیہ جیسے اپنے دیرینہ دوست کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ وزیر اعظم نے ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کی امدادی کاروائیوں کو منظم کرنے کیلئے اعلی سطحی کمیٹی قائم کر دی ،وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں وزیرِ ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق، وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کمیٹی کے رکن ہونگے،وزیر تعلیم رانا تنویر حسین، وزیرِ مذہبی امور مفتی عبدالشکور، چیئرمین این ڈی ایم اے ، پاکستان کے ترکیہ اور شام میں سفیر اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی کمیٹی کے ممبر ہونگے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ کمیٹی کا روزانہ کی بنیادوں پر اجلاس امدادی سامان کی ترکیہ اور شام ترجیحی بنیادون پر ترسیل یقینی بنائے گا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کیلئے زمینی، فضائی اور سمندری راستوں سے امدادی سامان بھیجا جائے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ این ڈی ایم اے ہنگامی بنیادوں پر پاکستان کے ہر ضلع میں ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کیلئے امداد اکٹھی کرنے کیلئے کلیکشن سینٹر بنائے۔ وزیراعظم نے بتایاکہ این ڈی ایم اے تمام صوبائی حکومتوں سے امدادی سرگرمیوں میں تیزی لانے کیلئے رابطے بڑھائے۔وزیر اعظم نے کہاکہ یقینی بنایا جائے کہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کیلئے بھیجا جانے والا سامان معیاری ہو۔انہوںنے کہاکہ کمبل، گرم کپڑے، بچوں کی خوراک اور خیموں کا فوری بندوبست کیا جائے۔ شہباز شریف نے کہاکہ ترکیہ نے 2010 اور 2022 کے سیلاب میں پاکستانیوں کی ہر طرح سے مدد کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ محدود وسائل کے باوجود پاکستان اپنے ترک بہن بھائیوں کی امداد میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گا۔ شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان نے امدادی سامان بھجوانے کیلئے ایئر کوریڈور قائم کر دیا ہے،بہت جلد پاکستان سے امدادی سامان لیئے ٹرکوں کا قافلہ بھی ترکیہ اور شام روانہ ہو گا۔ شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان کی طرف سے تیس بستروں پر مشتمل موبائل ہسپتال کیلئے ٹیم اور سامان بھی ترکیہ پہنچ کر کام کر رہا ہے