شام پر امریکی ، مغربی پابندیاں زلزلے سے متاثرہ افراد تک امداد پہنچنے سے روک رہی ہیں،اقوام متحدہ

0
142

اقوام متحدہ(این این آئی)شام کیلئے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی گیئر پیڈرسن نے کہاہے کہ شام پر امریکی ، مغربی پابندیاں زلزلے سے متاثرہ افراد تک امداد پہنچنے سے روک رہی ہیں، زلزلے سے جو تباہی ہوئی ہے وہ ناقابل تصور ہے، متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو فوری مدد ،تیز ترین راستے کی اشد ضرورت ہے،شامی حکومت اور اپوزیشن سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال دیں۔سعودی میڈیا کے مطابق گیئر پیڈرسن نے کہا کہ شام پر امریکی اور مغربی پابندیاں زلزلے سے متاثرہ افراد تک امداد پہنچنے سے روک رہی ہیں، زلزلے سے جو تباہی ہوئی ہے وہ ناقابل تصور ہے۔ تمام متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو فوری مدد اور تیز ترین راستے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ شام میں اقوام متحدہ کے ایک سینئر اہلکار کے مطابق اقوام متحدہ نے شامی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سیاسی اختلافات کو نظر انداز کرتے ہوئے شمال مغربی شام میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امداد کی فراہمی کو آسان بنائے۔ شام میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈنیٹر مصطفی بن الملیح نے کہا کہ میری اپیل ہے، سیاست کو ایک طرف رکھیں اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کریں۔ ہم انتظار کرنے اور مذاکرات کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ جب تک ہم مذاکرات کریں گے، بہت کچھ ختم ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شام پر پابندیاں وہاں انسانی ہمدردی کے کاموں کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔ ان پابندیوں نے زلزلے سے متاثر ہونے والوں کے لیے لاکھوں ڈالر کی مادی امداد کی آمد کو روک دیا ہے۔اسی تناظر میں شام کے بحران کے لیے اقوام متحدہ کے علاقائی انسانی ہمدردی کے کوآرڈینیٹرمہند ہادی نے کہا کہ بین الاقوامی تنظیم کو امید ہے کہ اس تباہ کن زلزلے کے بعد روکے جانے کے بعد کل جمعرات کو ترکیہ سے شمال مغربی شام تک اہم امداد کی ترسیل دوبارہ شروع ہو جائے گی۔