پاکستان تحریک انصاف جمہوریت اور اعلیٰ اخلاقی اقدار پر یقین رکھتی ہے،وزیراعظم آزاد کشمیر

0
367

اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر و صدر پاکستان تحریک انصاف سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف جمہوریت اور اعلیٰ اخلاقی اقدار پر یقین رکھتی ہے۔ پارٹی آئین پر من و عن عمل کرتے ہوئے لوٹوں کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ آزاد جموں کشمیر بلدیاتی الیکشن میں مخصوص نشستوں کے انتخابی مرحلے میں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ سردار تنویر الیاس خان نے پارٹی کے سینئر نائب صدر،نائب صدور،سیکرٹری جنرل،ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سمیت ڈویژنل پارٹی عہدیداران کو ہدایت کی ہے کہ ان تمام کونسلرز کی فہرست مرتب کرتے ہوئے فوری طور پر شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں جنہوں نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر و پاکستان تحریک انصاف کے صدر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ الحمداللہ 32 سال بعد ہماری حکومت نے چیئرمین عمران خان کے ویژن کے تحت بلدیاتی انتخابات منعقد کرا کر اقتدار نچلی سطح پر منتقل کر دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے عام الیکشن کی نسبت بلدیاتی الیکشن میں زیادہ بڑا عوامی مینڈیٹ لیا ہے۔ہم تمام منتخب نمائندوں کو اختیار کے ساتھ مکمل مالی وسائل بھی دیں گے۔ پارٹی ٹکٹ پر الیکشن لڑ کر منتخب ہونے والے تمام نمائندے قابل احترام ہیں لیکن مخصوص نشستوں کے انتخاب میں شکایات موصول ہوئیں کہ پی ٹی آئی کے کونسلرز کی ایک بڑی تعداد نے پارٹی پالیسی پر عمل نہیں کیا جس پر افسوس ہوا۔ انہوں نے کہا کا ڈسپلن کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں اس لیے ایسے تمام لوگوں کو پارٹی شوکاز نوٹس جاری کرے گی اور اس کے بعد بلدیاتی الیکشن رولز کے تحت مزید کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈسپلن کی پابندی اور پارٹی پالیسی پر عمل سب پر لازم ہے۔ جمہوری اقدار کو ماننے والے اور ڈسپلن کی پابندی کرنے والوں کو معاشرہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے پی ٹی آئی کے ہوں یا کسی اور پارٹی کے ہوں۔ عوام کو چاہیئے کہ سیاست اور جمہوریت پر بدنما داغ لگانے والے ایسے افراد کا سوشل بائیکاٹ کیا جائے۔