مضبوط حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا،جو بھی حق کے ساتھ کھڑا ہے اس کو گرفتار کرنیکی کوشش ہو رہی ہے’ شبلی فراز

0
335

لاہور( این این آئی)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے چیف آف سٹاف سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ گزشتہ دس ماہ سے جس طرح ملک کو امتحان میں ڈال دیا گیا ہے اس کی تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی ،مضبوط حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا،جو بھی حق کے ساتھ کھڑا ہے اس کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، ہم جیل بھرو تحریک شروع کرنے والے ہیں، اس وقت جو دو خاندان مسلط ہیں وہ جمہوریت کے لیے نہیں بلکہ اپنے مفادات کے لئے اقدام کر رہے ہیں ،افغان بارڈر پر اسمگلنگ ہو رہی ہے لیکن حکومت کچھ نہیں کررہی ،آئین پر عمل کرتے ہوئے الیکشن کروائیں ۔زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ عمران خان تو شروع دن سے کہہ رہے ہیں ہماری حکومت سازش کے تحت ہٹائی گئی ،اپوزیشن کے لوگ جو باتیں کرتے تھے ان کی ہنڈیا بھی بیچ چوراہے پھوٹ گئی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جنرل باجوہ نے انٹرومیں خود اعتراف کیا ہے کہ انہوںنے چلتی حکومت کو ختم کیا،پاکستان کے عوام جس مصیبت سے گزر رہے ہیں اس کے ذمہ دار یہی لوگ ہیں ، اب قوم کو پتہ چل گیا ہے کہ ملک میں جمہوریت کیوں مضبوط نہیں ہوتی ،جن کو مسلط کیا گیا ہے وہ اپنے غیر جمہوری رویوں کی وجہ سے سامنے آچکے ہیں،عوام کو معلوم ہوچکا ہے کہ ملک میں کیا ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے واضح کہا کہ 90 دن میں انتخابات ہوں،فیصلہ سامنے آنے کے بعد بھی الیکشن کا عملی اقدام سامنے نہیں آرہا ، ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن کا کوئی بہانہ نہیں چل سکتا انہیں تاریخ دینی چاہیے ۔ انہوںنے کہا کہ الیکشن کمیشن کا ہدف صرف اور صرف عمران خاں ہیں،نگران حکومت کا کام الیکشن کروانا ہے لیکن جن کو نگران حکومت دی گئی ہے وہ غیر قانونی اقدامات کر رہے ہیں،بڑے پیمانے پر تبادلے کر رہے ہیں اورایسے لوگوں کو لایا جارہا ہے جو تحریک انصاف کے خلاف ہیں،پاکستان کے عوام ان اقدامات کو زیادہ دیر برداشت نہیں کریں گے ۔ انہوںنے کہا کہ ملک اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہا ہے لیکن اس کے باوجود ایک بڑی جماعت کے سربراہ اور رہنمائوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں ہورہی ہیں،اس ملک کی سالمیت اور آئین خطرے میں ہیں،عوام آئین و قانون کی اس جنگ میں ہمارا ساتھ دیں