زلزلے سے متاثرہ ترکیہ میں متحدہ عرب امارات کا سب سے بڑا فیلڈ اسپتال قائم

0
131

ابوظہبی (این این آئی )متحدہ عرب امارات(یو اے ای)نے ترکیہ میں گذشتہ ہفتے آنے والے 7.8 شدت کے تباہ کن زلزلے کے متاثرین کی مدد کے لیے سب سے بڑا فیلڈ اسپتال کھول دیا ہے۔ ترکیہ میں غازی عنتاب کے ضلع اصلاحی میں امارات ریلیف فیلڈ اسپتال نے زلزلے سے متاثرہ افراد کو نفسیاتی بحالی سمیت طبی دیکھ بھال کی خدمات مہیا کرناشروع کردی ہیں۔ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں 37 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق امارات ریلیف فیلڈ ہسپتال کے کمانڈر اسٹاف بریگیڈیئر ڈاکٹرعبداللہ الغیثی کے مطابق اسپتال ترکیہ کی وزارت صحت اورڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (اے ایف اے ڈی)کے ساتھ رابطے میں ہے۔چالیس ہزار مربع میٹر پر محیط اس طبی مرکز میں مختلف شعبوں کے 15 ڈاکٹر اور 60 نرسیں اور تکنیکی معاونین موجود ہیں۔اس میں متعدد تشخیصی اور علاج کی خدمات پیش کی جارہی ہیں ہے۔ان میں ہنگامی اور سرجیکل آپریشن ، اور انتہائی نگہداشت شامل ہیں۔زلزلے کے متاثرین کو ضروری نفسیاتی مدد فراہم کرنے کے لیے اسپتال میں ایک نفسیاتی کلینک بھی قائم کیا گیا ہے۔مریضوں کے وارڈ میں 50 اسپتال کے بستر اور چار آئی سی یو بستر ہیں۔زلزلے کے بعد متحدہ عرب امارات نے منہدم عمارتوں کے نیچے پھنسے لوگوں کی بازیابی کے لیے امدادی ٹیمیں ترکیہ بھیجی تھیں اور زلزلے سے متاثرہ دونوں ممالک کو عطیات کے ساتھ ساتھ امداد بھیجنے کے لیے متعدد امدادی مہمیں بھی چلائی ہیں۔