یوکرین پر حمایت کے بدلے روس ایران کو لڑاکا طیارے فراہم کرسکتا، وائٹ ہائوس

0
250

واشنگٹن(این این آئی)وائٹ ہائوس کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ وائٹ ہائوس کا خیال ہے کہ یوکرین پر مسلط جنگ کی حمایت کے بدلے میں روس ایران کو لڑاکا طیارے اور دیگر فوجی سازو سامان فراہم کرسکتا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق جان کربی نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکہ کے پاس معلومات ہیں کہ ایران نے نومبر میں روس کو توپ خانے اور ٹینک بھیجے تھے اور بدلے میں روس ایران کو بے مثال دفاعی تعاون فراہم کر رہا ہے جس میں میزائل، الیکٹرانکس اور جنگی طیارے شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران حملہ آور ہیلی کاپٹر، ریڈار اور جنگی تربیتی طیارے خریدنے کا بھی خواہاں ہے۔روسی وزارت دفاع نے اعلان کیا کہ اس کی فوج نے مشرقی یوکرین میں تقریبا 240 یوکرینی فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ وزارت نے تصدیق کی کہ کوبیانسک کے محور پر 60 سے زیادہ یوکرینی فوجیوں کو ختم کر دیا گیا ۔ روسی وزارت دفاع نے بتایا کہ اس نے یوکرین کے علیحدگی پسندوں کے ڈونیٹسک محاذ پر یوکرینی فورسز پر بمباری کی ہے۔