پاک افغان میچز بہت ضروری ہیں،بڑے ایونٹس کے لیے ہماری تیاری اچھی ہوگی’ راشد خان

0
688

لاہور (این این آئی) افغانستان کرکٹ ٹیم کے اسپنر اور پی ایس ایل کے لیے لاہور قلندرز کی ٹیم میں شامل راشد خان نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میچز مختلف شہروںمیں کھیلے جانا اچھی بات ہے ،کوئٹہ اور پشاور میں بھی میچز ہوں گے تو اور فائدہ ہوگا،بابر اعظم کے خلاف اچھا مقابلہ ہوگا،پاکستان اور افغانستان کے درمیان جتنے زیادہ میچز ہوں ہمارے لیے اچھا ہے کیونکہ پاکستان کے ساتھ کھیلیں گے تو بڑے ایونٹس کے لیے ہماری تیاری اچھی ہوگی۔انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ بڑے کرکٹر کو بولنگ کر کے بولر انجوائے کرتا ہے، کبھی وہ ٹف ٹائم دیتا ہے کبھی آپ۔انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کے خلاف چیزوں کو سادہ رکھوں گا اور اپنی لائن اینڈ لینتھ پر فوکس کروں گا، بابر اعظم تینوں فارمیٹ کے بہترین بیٹر ہیں۔بابر اعظم کے خلاف اگرچہ میرا پلہ اب تک بھاری ہے لیکن پھر بھی مجھے بابر اعظم کو اچھی بولنگ کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا لاہور قلندرز کے ساتھ تیسرا سیزن ہے جو اب تک بہت اچھا رہا ہے، گزشتہ برس فائنل میں نہیں تھا لیکن ہم نے ٹرافی جیتی، لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کے آغاز میں مشکل وقت دیکھا، ٹرافی جیتنا بڑا کارنامہ ہے۔راشد خان نے کہا کہ میں نے لاہور میں کھیلے جانے والے فائنل کو مس کیا لیکن نیشنل ڈیوٹی پہلی ترجیح ہوتی ہے جب ٹی وی پر دیکھ رہا تھا تو دل چاہ رہا تھا کہ میں بھی گرائونڈ میں ہوتا۔لاہور قلندرز کے کھلاڑی نے کہا کہ شاہین آفریدی، حارث رئوف اور فخر زمان کے ساتھ بہت دوستی ہے، ہم کبھی بھی کھیلیں گے تو لاہور قلندرز کے لیے کھیلیں گے۔