اٹلی حادثہ،پاکستانی سفارتی عملے کی کشتی حادثے میں ریسکیو کیے گئے پاکستانیوں سے ملاقات

0
136

اسلام آباد (این این آئی) پاکستانی سفارتی عملے نے ترکیہ سے اٹلی جانے والے غیرقانونی مہاجرین کی کشتی کو پیش آئے حادثے میں ریسکیو کیے گئے پاکستانیوں سے ملاقات کی ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اٹلی میں پاکستان کے سفیر علی جاوید نے کہا تھا کہ کشتی حادثے میں کتنے پاکستانی جاں بحق ہوئے، ابھی تصدیق نہیں کر سکتے۔علی جاوید نے بتایا کہ کلابریا کے ساحل پرکشتی ڈوبنے کے واقعہ میں 16 پاکستانیوں کو ریسکیوکیاگیا اور انہوں نے بتایا کشتی پر 20 پاکستانی سوار تھے۔انہوںنے کہاکہ ڈوبنے والی کشتی پر سوار مزید 4 پاکستانی تاحال لاپتہ ہیں، کشتی حادثے میں کتنے پاکستانی جاں بحق ہوئے، ابھی تصدیق نہیں کر سکتے۔بعد ازاں پاکستانی سفارتی عملے نے کشتی حادثے میں بچائے گئے 16 پاکستانیوں سے ملاقات کی۔پاکستان کے سفیر علی جاوید نے کہا کہ سفارتخانے کی سینئر اہلکار نے میڈیکل کیمپ میں 16 پاکستانیوں سے ملاقات کی ،کشتی حادثہ کلابریا میں جس مقام پر ہوا سفارتخانے سے 9 گھنٹے کی مسافت پر ہے۔انہوںنے کہاکہ واقعے کی خبر ملتے ہی رات ہی کو سفارتخانے کے عملے کو جائے وقوع پر بھیجا گیا،کشتی حادثے میں بچ جانے والے 16 پاکستانیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔انہوں نے کہا کہ حادثے میں بچ جانے والوں نے بتایا کے کشتی میں 20 پاکستانی سوار تھے، ریسکیو کیے جانے والے 16پاکستانیوں کا تعلق مالاکنڈ ،حافظ آباد ،گوجرنوالہ اور گجرات سے ہے۔سفیر علی جاوید کے مطابق سفارتخانہ کشتی حادثے کے معاملے کو قریب سے دیکھ رہا ہے ،سفارتخانہ 16 پاکستانیوں کی واپسی کے لیے اٹلی حکومت کے تعاون سے اقدامات کرے گا۔خیال رہے کہ اتوار کو ترکیہ سے اٹلی جانے والے غیرقانونی مہاجرین کی کشتی سمندر میں چٹان سے ٹکرا کر ڈوب گئی جس کے نتیجے میں پاکستانیوں سمیت 59 افراد ہلاک ہوئے اور کئی لاپتہ ہیں۔سفارتخانے نے ابتدائی طور پر 28 پاکستانیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی اور 12 لاپتہ قرار دیے تھے۔