پاکستانیوں کے لیے ٹرانزٹ ویزا، سعودی حکام کی وضاحت جاری

0
159

ریاض(این این آئی)سعودی حکام نے پاکستان اور دیگر ممالک سے آنے والے افراد کے لیے ٹرانزٹ ویزا کے حوالے سے ہدایات اور وضاحت جاری کی ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے ٹرانزٹ ویزے کی سہولت کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا کہ کیا پاکستان سے آنے والوں کو ٹرانزٹ ویزا مل سکتا ہے۔مملکت کا ٹرانزٹ ویزا کسی بھی ملک کے ان شہریوں کو جاری کیا جاتا ہے جو مملکت سے ہوتے ہوئے کسی دوسرے ملک جا رہے ہوں۔اگر پاکستان سے یورپ یا کسی اور ملک کا ویزا لگایا ہے اور وہاں جانے سے قبل سعودیہ ایئر یا ناس ایئر کی فلائٹ سے کنکٹنگ ٹکٹ خریدا جائے، اس صورت میں 4 دن کے لیے ٹرانزٹ ویزا جاری کیا جاتا ہے جس کی انٹری سعودی عرب کے کسی بھی بین الاقوامی ایئر پورٹ پر متعین امیگریشن اہلکار کرتے ہیں۔حال ہی میں سعودی حکام کی جانب سے ٹرانزٹ ویزا متعارف کروایا گیا ہے جس کی کوئی فیس نہیں تاہم اس ویزے کی 2 بنیادی شرائط ہیں۔اول یہ کہ مسافر کی منزل کوئی دوسرا ملک ہو اور راستے میں وہ سعودی عرب مختصر قیام کرنا چاہتا ہو، اس صورت میں اسے ٹرانزٹ ویزا جاری کیا جاتا ہے۔دوسری اہم شرط یہ ہے کہ ٹرانزٹ ویزا صرف سعودیہ یا ناس ایئر لائن کے مسافروں کو ہی جاری کیا جاتا ہے، کسی اور ایئر لائن سے سفرکرنے والوں کو یہ سہولت فراہم نہیں کی جاتی۔ٹرانزٹ ویزے کے حصول کا طریقہ کار یہ ہوگا کہ فضائی مسافر السعودیہ اور ناس ایئر کے الیکڑانک پلیٹ فارم سے ٹرانزٹ ویزے کی درخواست کریں گے جو خود کار سسٹم کے تحت دفتر خارجہ کے قومی ویزا پلیٹ فارم میں منتقل ہوجائے گی۔دفتر خارجہ اس پر فوری کارروائی کر کے ڈیجیٹل ویزا جاری کرے گا جو ای میل پر امیدوار کو بھیجا جائے گا۔