سندھ حکومت کاآج سے کراچی کے مزید دو نئے روٹس پر پیپلز پنک بس سروس چلانے کا اعلان

0
461

کراچی(این این آئی)محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت سندھ نے آج(بدھ)یکم مارچ سے کراچی کے مزید دو نئے روٹس پر پیپلز پنک بس سروس چلانے کا اعلان کیاہے جبکہ پنک بس سروس کے ماڈل کالونی تا ٹاور روٹ ون کی فلیٹ میں بھی اضافہ کیا جائے گا ۔ یہ اعلان وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت پیپلز بس سروس سے متعلق اجلاس میں کیا گیا ۔اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی زبیر چنہ ، پی ڈی این آر ٹی سی صہیب شفیق ، آپریشن منیجر عبدالشکور و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ماڈل کالونی سے ٹاور پنک بس سروس روٹ 1 پر بسوں میں اضافہ ، جبکہ پاور چورنگی نارتھ کراچی سے انڈس ہاسپٹل روٹ2 اور نمائش چورنگی سے کلاک ٹاور سی ویو روٹ10 پر پنک بس سروس کے نئے روٹس کا آغاز آج(بدھ)یکم مارچ سے کردیا جائے گا ، صوبائی وزیر نے کہا کہ پنک بس سروس روٹ 2 ، پاور چورنگی نارتھ کراچی سے انڈس ہاسپٹل کورنگی براستہ ناگن چورنگی ، شفیق موڑ ، گلشن چورنگی ، جوہر موڑ ، سی او ڈی ، ڈرگ روڈ ، شارع فیصل ، شاہ فیصل کالونی ، سنگر چورنگی ، کورنگی نمبر 5 تک چلائی جائیں گی ،روٹ نمبر 10 پر نمائش چورنگی ، ایم اے جناح روڈ ، زیب النسا اسٹریٹ ، میٹرو پول ، تین تلوار ، دو تلوار ، عبداللہ شاہ غازی ، ڈولمن مال ، میکڈونلڈ اور کلاک ٹاور سی ویو تک پنک بس خواتین کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرے گی ۔شرجیل انعام میمن نے سندھ ماس ٹرانزٹ اور این آر ٹی سی کو ہدایت دی کہ کراچی میں پیپلز بس سروس کے مزید نئے روٹس پر سروے مکمل کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ ہاکس بے روڈ تک بھی پیپلز بس سروس چلانے کا جائزہ لیا جائے ، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز الیکٹرک بس سروس کے مزید نئے روٹس کا بھی جلد از جلد آغاز کیا جائے۔