انسداد دہشتگردی اور بینکنگ کورٹ سے عمران خان کی ضمانتیں منظور کرلی گئیں

0
205

اسلام آباد (این این آئی)اسلام آبادکی انسداد دہشت گردی عدالت نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج کے کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی عبوری ضمانت منظورکرلی۔منگل کو انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد نے عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کی۔عمران خان کے خلاف مقدمہ تھانہ سنگجانی میں درج کیا گیا تھا۔انسداد دہشتگری عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عمران خان کی 9 مارچ تک عبوری ضمانت منظور کی۔دوسر جانب ممنوعہ فنڈنگ کیس میں بینکنگ کورٹ نے بھی عمران خان کی ضمانت کنفرم کردی۔بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی ضمانت منظور کرنے کا فیصلہ سنایا۔عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں عمران خان کو 28 فروری کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان 4مختلف مقدمات میں پیشی کیلئے اسلام آباد پہنچے ،عمران خان مقدمات میں پیشی کیلئے بڑے ہجوم کے ہمراہ جوڈیشل کمپلیکس پہنچے جہاں وہ عدالت میں پیش ہوئے۔اس موقع پر شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی، پی ٹی آئی کارکنان نے جوڈیشل کمپلیکس کا دروازہ توڑ دیا اور بڑی تعداد میں جوڈیشل کمپلیکس میں داخل ہوگئے، جی 11 جوڈیشل کمپلیکس پر سکیورٹی کے انتظامات درہم برہم ہوگئے، پی ٹی آئی کارکنوں نے تمام رکاوٹوں کو ہٹا دیا۔سکیورٹی اہلکار کارکنوں کو روکنے میں ناکام ہوگئے جس کے باعث عمران خان کو کمرہ عدالت کے اندر لے جانے میں دشواری کا سامنا رہا۔قبل ازیں چیئرمین پی ٹی آئی لاہور میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے بذریعہ سڑک اسلام آباد پہنچے، اس سے قبل عمران خان نے طیارے سے جانا تھا تاہم بعد ازاں روانگی کا پروگرام تبدیل کرکے بذریعہ موٹروے جانیکا فیصلہ کیا گیا۔متعدد بار طلبی اور بار بار استثنیٰ مانگنے کے بعد عدالت کے حکم پر عمران خان نے پیش ہونیکا فیصلہ کیا۔