ورلڈ وائلڈ لائف ڈے گرین پاکستان پروگرام محکمہ جنگلی حیات کے زیر اہتمام سفاری زو میں تقریبات

0
275

لاہور( این این آئی) محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب گرین پاکستان پروگرام کے زیر اہتمام سفاری زو رائیونڈ روڈ لاہور میں ورلڈ وائلڈ لائف ڈے کے موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔ ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب مبین الٰہی اور سابق گیم وارڈن پنجاب بدر منیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے تقریب میں پراجیکٹ ڈائریکٹر گرین پاکستان پروگرام مدثر حسن، ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور عبدالشکور منج ، عظیم ظفر ، غلام رسول ، پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ زوالوجی کے پروفیسر ذوالفقار علی، جی سی یونیورسٹی کے پروفیسر عاطف یعقوب ، صدر پاکستان وائلڈ لائف فائونڈیشن ڈاکٹر محمد وسیم خان، شعبہ زوالوجی کے طلباء و طالبات ، وائلڈ لائف افسران و سٹاف اور سیول سوسائٹی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ورلڈ وائلڈ لائف ڈے کے حوالے سے منعقدہ پروگرامز کا آغاز ایک سیمنار سے کیا گیا جسمیں خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مبین الٰہی نے کہا کہ صوبہ میں جنگلی حیات کو بچانے کیلئے نیشنل پارکس، پبلک وائلڈ لائف ریزروز ، نیچر ریزروز ، وائلڈ لائف سینگچوریز اور بفر زونز بنائے جارہے ہیں ویٹ لینڈز کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے تاہم یہ کوششیں تبھی سود مند ہوں گی جب آپ پڑھے لکھے لوگ وائلڈ لائف کنزرویشن کی فیلڈ میں آئیں گے اور جدید تعلیم کیساتھ جنگلی حیات کے مساکن تخلیق کریں گے کیونکہ بے ہنگم صنعتی آبادیوں کے پھیلائو اور موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر جنگلی حیات کے مسکن تباہ ہورہے ہیں۔ سابق گیم وارڈن پنجاب بدرمنیر نے کہا کہ عام لوگوں میں جنگلی حیات کی انواع کی ماحولیاتی اہمیت اجاگر کرنیکی ضرورت ہے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر گرین پاکستان پروگرام مدثر حسن نے آج کے دن کے منانے کے اغراض و مقاصد اور لوگوں میں شعور و آگہی کی اہمیت واضع کی ۔ سیمینار میں وائلڈ لائف کنزرویشن اور پاکستان میں جنگلی حیات کی آبادی کی موجودہ صورتحال پر خصوصی لیکچرز کا بھی اہتمام کیا گیا جسمیں طلباء نے بھرپور دلچسپی لی۔اسی موقع پر ایک خصوصی برڈ شو کا بھی اہتمام کیا گیا جسمیں طلباء و دیگر حاضرین کو نایاب نسل کے فالکنز ، طوطے و دیگر خوبصورت پرندے دکھائے گئے اور ان کی ماحولیاتی اہمیت سے روشناس کروایا گیا مزید براں ان پروگرامز کے آخر میں ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات مبین الٰہی اور سابق اعزازی گیم وارڈن پنجاب بدر منیر کی قیادت میں ایک عوا ی آگاہی واک منعقد کی گئی جسمیں وائلڈ لائف افسران و سٹاف یونیورسٹی کے اساتذہ ، طلبا و طالبات اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی نیز شرکاء پروگرامز کو محکمہ کی جانب سے خصوصی یادگاری شیلڈز اورطلباء میں سرٹیفیکٹ تقسیم کئے گئے ۔