پاک امریکہ دو طرفہ ماحولیاتی اور آب و ہوا کے حوالے سے کام کرنے کے ایجنڈے پر دوسرے ہائی لیول ڈائیلاگ کا انعقاد

0
140

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزارت برائے ماحولیاتی تبدیلی میں پاک امریکہ دو طرفہ ماحولیاتی اور آب و ہوا کے حوالے سے کام کرنے کے ایجنڈے پر دوسرے ہائی لیول ڈائیلاگ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینٹر شیری رحمان جبکہ امریکی وفد کی قیادت اسسٹنٹ سیکریٹری مونیکا مدینہ نے کیـ ہائی لیول ڈائیلاگ میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم، پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سکریٹری الزبتھ ہورسٹ اور دیگر حکام شریک ہوئے ۔ہائی لیول ڈائیلاگ میں دو طرفہ امور کو زیر غور لایا گیا اور گرین الائنس کے ذریعے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا عہد کیا گیا۔وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینٹر شیری رحمان نے پاکستان کو درپیش ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق مسائل پر روشنی ڈالی۔شیری رحمان نے گزشتہ سال آنے والے سیلاب میں امریکی امداد اور جذبہ خیر سگالی کو سراہا ۔پاکستان اور امریکہ کے مابین ہونے والے یہ ”گرین الائنس”مذاکرات کا بنیادی مقصد حال اور مستقبل میں ماحولیاتی اور دیگر ضروریات کا مل کر سامنا کرنا ہے۔میٹنگ کے دوران زرعی، آبی اور توانائی کے شعبہ جات میں باہمی ہم آہنگی سے کام کرنے پر اتفاق رائے کیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینٹر شیری رحمان نے کہا کہ امریکہ کی جانب تکنیکی اعتبار سے تعاون پاکستان کے لئے ماحولیاتی تبدیلی کا سامنا کرنے میں انتہائی کارآمد ثابت ہوگا۔