بیرسٹر امجد ملک کی وزیراعظم سے ملاقات ، باہمی امو اورتارکین وطن کے مسائل پر گفتگو

0
160

لاہور (این این آئی)وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے پاکستان مسلم لیگ انٹرنیشنل افیئرز کے چیف کوآرڈی نیٹر بیرسٹر امجد ملک نے خصوصی ملاقات کی جس میں باہمی امور اور تارکین وطن کے مسائل پر گفتگو کی گئی ۔ملاقات میں وزیراعظم پاکستان نے اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی سفیر قرار دیا ۔ بیرسٹر امجد ملک نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ مسلم لیگ ن بھاری سیاسی قیمت ادا کرکے ریاست کی آبیاری کی ہے۔ بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ انہوں نے اس سے پہلے بھی وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف،وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے دسمبر 2022 میں اپنی ملاقاتوں میں اوورسیز پاکستانیوں کی تنظیم سازی،اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مخصوص نشستوں کا قیام،قبضہ کے خاتمے کیلئے کمپیوٹرائزڈ لینڈ رجسٹریشن اور مخصوص عدالتیں ، قومی ائیر لائن کی فوری بحالی اور اوورسیز انٹرنیشنل کنونشن کا انعقاد کروانے پر بات کی تھی جس پر وزیراعظم پاکستان،وزیر خزانہ اور گورنر پنجاب نے آمادگی ظاہر کی ہے اور غور کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تارکین وطن کیلئے فون کی سہولت ، کراچی میں رکے کنٹینرز اور ڈیڈ باڈی کی ترسیل کیلئے بھی معاملات کو مذکورہ محکموں سے اٹھانے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے بیرسٹر امجد ملک کو تفصیلی ملاقات کیلئے اسلام آباد آنے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔