ریکو ڈک بلوچستان کی ترقی کیلئے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے ، ڈاکٹر مصدق ملک

0
170

اسلام آباد(این این آئی)وزیرمملکت ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ریکو ڈک بلوچستان کی ترقی کیلئے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے ۔وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے بیرک گولڈ کارپوریشن کے صدر اور سی ای او مارک برسٹو کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کی۔ پاکستان میں کینیڈین ہائی کمشنر محترمہ لیسلی سکینلون بھی ہمراہ تھیں۔انہوںنے کہاکہ ریکو ڈک نہ صرف پاکستان کے کان کنی کے شعبے میں ایک اہم موڑ ہے بلکہ یہ بلوچستان کی ترقی کے لیے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہیڈاکٹر مصدق نے 70 فیصد مقامی ملازمت کے ساتھ مقامی افراد میں ہنر کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھنے کے لیے بیرک گولڈ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔مارک برسٹو نے خطے کی ترقی، ریلوے کی اپ گریڈیشن سمیت انفراسٹرکچر کی ترقی کے حوالے سے بات چیت جاری رکھنے پر کارپوریشن کے عزم کو اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک میں وزیر اعظم شہباز شریف کا یتیموں اور لاوارث بچوں کی تعلیم کے لیے دانش سکولوں کا تصور ہمارے کام کا ایک اہم حصہ ہے۔مارک نے کہا کہ میں اس اقدام میں مزید اضافے کے لیے جوش ہوں۔ملاقات کے دوران وزیر مملکت نے پاکستان کے لیے کینیڈین ٹیکنالوجی کی اہمیت اور شیل کی تلاش میں مہارت سے فائدہ اٹھانے کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ ملاقات میں پی ایم ڈی سی اور جی ایس پی کے ساتھ استعداد کار بڑھانے کے لیے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیرک گولڈ جیوتھرمل توانائی کی تلاش کے لیے پہلے ہی جی ایس پی کی ڈرل کا استعمال کر رہا ہے۔