اسلام آباد (این این آئی)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مزدوروں کے عالمی دن پر مزدوروں اور محنت کشوں کو تحفہ دیدیا۔حکومت نے قومی صنعتی تعلقات کمیشن کے 8 ارکان کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔وزارت اطلاعات نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔8 شخصیات کو این آئی آر سی کے ارکان کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ریٹائرڈ سول سرونٹ سید نور الحسنین کو این آئی آر سی کا رکن مقرر کردیا گیا۔ریٹائرڈ جج عبدالقیوم، سہیل اکرم، زبیر خان اور شبیر اعوان بھی رکن مقرر کیے گئے۔وکلا سراج الاسلام، عبدالغنی اور منور حسین طوری کو بھی این آئی آر سی کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔کابینہ نے وزارت اطلاعات کی سمری پر ان خالی عہدوں پر تقرریوں کی منظوری دی تھی۔این آئی آر سی کے یہ عہدے 9 ماہ سے خالی تھے، یہ کمیشن محنت کشوں کی انجمنوں کی بھی رجسٹریشن کرتا ہے۔