پشاور پولیس نے شہر میں شرپسندی پھیلانے والوں کی تصاویر جاری کردیں

0
330

پشاور (این این آئی) پشاور پولیس نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد شہر میں فائرنگ اور پتھراؤ کرنے والے افراد کی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر ڈال دیں۔کیپیٹل سٹی پولیس کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اسلحہ اٹھائے کچھ شر پسندوں کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی گئی ہیں جن میں چند افراد کو اسلحہ اٹھائے دیکھا جاسکتا ہے،ان تصاویر کے ساتھ کی گئی ٹوئٹ میں پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ پرامن احتجاج کی آڑ میں دہشتگردی پھیلانے والے ان اسلحہ بردار افراد کی نشاندہی کر نے میں پولیس کی مدد کریں۔چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد مشتعل کارکنان کی جانب سے پشاور میں دو روز کے دوران ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ میں ملوث 659 افراد کو گرفتار کیا گیا۔حکام کے مطابق مشتعل مظاہروں کے دوران 13 سرکاری عمارتوں سمیت 15 املاک کو جلایا گیا جبکہ 12 سرکاری گاڑیوں سمیت 17 گاڑیوں کو آگ لگائی گئی۔