پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ

0
149

لاہور( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف وسطی پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد کی بازیابی کے لئے دائر درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صفدر سلیم شاہد نے درخواست پر سماعت کی ۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کینسر کی مریضہ ہیں ۔ فاضل عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ طبی بنیادوں پر اس درخواست پر کارروائی کرانا چاہتے ہیں ۔ درخواست گزار نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے اسی نوعیت کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن معطل کیا ہے ۔وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو فوری طور عدالت پیش کرنے کا حکم دیں ۔عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا ڈاکٹر یاسمین راشد کے خلاف شواہد ہیںجو آپ نے نظر بندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ۔رپورٹ کہاں ہے جس کے تحت نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد پی ٹی آئی وسطی پنجاب کی صدر ہیں ،بیماری کے باجود ڈاکٹر صاحبہ ہر قسم کی سیاسی سرگرمیوں میں موجود ہوتی ہیں ،اگر ڈاکٹر یاسمین سیاسی سرگرمیوںمیں شرکت نہ کرتیں تو پھر نظری بندی کے احکامات جاری نہ ہوتے۔بیمار ملزمان کے حوالے سے بھی قانون میں چیزیں درج ہیں ۔ڈاکٹر یاسمین راشد کے متعلق ویڈیو شواہد موجود ہیں وہ لوگوں کو کور کمانڈر ہائوس جانے کا کہہ رہی ہیں ۔ عدالت نے کہا کہ ہ واقعہ 9 مئی کو ہوا آپ نے نظر بندی کا حکم 12مئی کو جاری کیا ،آپ کو نظر بند کرنے کی بجائے ایف آئی آر کرنی چاہے تھی ۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ اگر فوری ایف آئی آر کر بھی دیتے تو یہ سلسلہ رکنے والا نہیں تھا ،ڈاکٹر یاسمین راشد ہزاروں کے مجمع کو لیڈ کر رہی تھیں ۔ لاہور ہائیکورٹ نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی بازیابی سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔