گوجرانوالہ(این این آئی)وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیرنے کہا ہے کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان میں آگ لگائی گئی جس کی تمام ترذمہ داری عمران خان پرہے،وفاقی حکومت ،صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر شرپسندوں کوگرفتار کرکے قرارواقعی سزائیں دلائے گی۔وہ گیپکو ہیڈ کوارٹر میں پریس کا نفرنس کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ 9 اور10 مئی کو جلا ؤگھیراؤ کیا گیا، بلوے ہوئے ،سرکاری نجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا، تحریک انصاف کے کارکنوں نیاپنی قیادت کے ایما ء پر املاک کو نشانہ بنایا ،اس قسم کی ٹارگٹنگ دہشت گرد کرتے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کو جلانے والوں نے نو سال پہلے پی ٹی وی پر بھی حملہ کیا تھا۔ان کاکہناتھا کہ پولیس اہلکاروں کی گنتی مشکل ہے جن کو انہوں نے احتجاج کی آڑ میں زخمی کیا، ان واقعات کی تمام تر ذمہ داری عمران خان پر ہے ،یہ عوامی ردعمل نہیں ٹارگٹنگ ہے۔وفاقی وزیرکاکہناتھا کہ سیاسی اختلافات کا لبادہ پہن کر ملک میں جلا ؤگھیراؤ ہمیں قبول نہیں۔ انہوںنے کہاکہ سولہ اکتوبر2020کو میاں نواز شریف نے تاریخی تقریر کر کے اداروں کے غیر آئینی کردار پر سخت تنقید کی،کسی جلسے میں کوئی گملا یا بلب تک نہیں ٹوٹا ،مسلم لیگ کو بھی اختلافات رہے ہیں تاہم ہم نے اس اختلاف کو پاکستان میں آگ لگانے کیلئے استعمال نہیں کیا،عمران خان کو ان تمام واقعات کی ذمہ داری لینی پڑے گی۔ خرم دستگیر خان نے کہاکہ جلاؤ گھیراؤ کرنیوالوں کے ساتھ مصالحت انداز اختیار کرکے اس بات کی توثیق کی گئی کہ اگر آپ جلاؤگھیراؤ کریں گے تو عدالت آپ کو خوش آمدید کہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے جان ومال کا تحفظ کریگی ، چار دنوں میں کابینہ کے چار اجلاس ہوئے جن میں تمام پہلوئوں پر غور کیا گیا