شاہ سلمان کے نام سے الریاض میں نئے محلہ کے قیام کااعلان

0
203

ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے الریاض کے دوشہری علاقوں الواحہ اور صلاح الدین کے انضمام سے شاہ سلمان کے نام سے نئے محلہ کی تعمیروترقی کا اعلان کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق الواحہ اورصلاح الدین نئے نام کے تحت شاہ سلمان محلہ کے طور پرجانے جائیں گے۔اس منصوبہ کا مقصد اس علاقے میں مہیاکی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتربنانااور مزید تفریحی سہولتیں مہیا کرنا ہے۔ اس اقدام کا مقصد سلمانی فن تعمیرکی بنیادپرعوامی سہولتیں مہیا کرنا اور منفرد شہری اورتعمیراتی شناخت پیدا کرنا ہے۔اس کا ایک اور مقصد سعودی دارالحکومت کے لیے شاہ سلمان کے ویژن اور خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کرناہے۔66مربع کلومیٹر کے رقبے پرمحیط شاہ سلمان محلہ شاہ سلمان پارک کے قریب واقع ہے۔یہ پارک 16 مربع کلومیٹر سے زیادہ رقبے پرتعمیر کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی دارالحکومت کے مختلف علاقوں کوولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ویژن 2030 کے مطابق ترقی دی جارہی ہے۔شاہ سلمان پارک تکمیل کے بعد دنیا کے سب سے بڑے شہری پارکوں میں سے ایک ہوگا۔اس کا مقصد مختلف خدمات کے ذریعے شہرمیں معیارزندگی کو بہتر بنانا اورالریاض کے مقام کو شہروں کی عالمی درجہ بندی میں بڑھانا ہے۔