سرینگر(این این آئی)ایک طرف دنیا آج کیمیائی ہتھیاروں کے متاثرین کا عالمی دن منارہی ہے تو دوسری طرف غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کرکے کشمیریوں کو قتل کررہی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے اگرچہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال پر پابندی عائد ہے لیکن بھارت کیمیائی ہتھیاروں کے بارے میں عالمی کنونشن پر دستخط کرنے کے باوجود کشمیریوں کے خلاف ان کا استعمال کررہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموںوکشمیرمیں بھارتی فوجیوں کی طرف سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے متعدد اموات ہوئی ہیں۔کشمیری نوجوانوں کی جھلسی ہوئی لاشیں اورپھر ان لاشوں کو اس خوف سے ورثاء کے حوالے نہ کرناکہ اس سے دنیا کو کیمیائی ہتھیاروںکے استعمال کا ثبوت مل جائے گا، بھارت کے خلاف ایک اور واضح ثبوت ہے۔دنیا کو مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارت کی طرف سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے