ملک بھرمیں الیکشن ایک ہی دن ہوں گے اوراسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی، رانا ثنااللہ خان

0
290

مکوآنہ (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ و صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ عمران خان مکافات عمل کاشکار ہوئے، کسی جماعت پر پابندی لگتی ہے یا کچھ لوگ مائنس ہوتے ہیں تو یہ ان کے کئے کا نتیجہ ہوگا،ملک بھرمیں تمام الیکشن ایک ہی دن ہوں گے اوراسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی، فتنے کو 2018 میں اس وقت کی جوڈیشل اسٹیبلشمنٹ اوراسٹیبلشمنٹ نے مل کر عوام پر مسلط کیا مگر اس نے ملک کوترقی دینے کی بجائے اس کی تباہی نکال دی، فتنے نے 2014 سے سیاست کا آغاز دھرنے اور لانگ مارچ سے کیا، مخالین کے خلاف گالم گلوچ کا کلچر متعارف کروایا،اسے جعلی طریقہ سے اقتدار دیاگیاجس نے جھوٹے مقدمے قائم کئے، خودان کے خلاف اس نے جھوٹا کیس بنایا،میاں صاحبان اور دوسروں کے خلاف مقدمات کئے لیکن جب اپنی باری آئی تو چھ ماہ لنگڑا ہوکر بیٹھا رہا مگر جس دن رینجر نے پکڑا اس کی ٹانگ اسی وقت نہ صرف ٹھیک ہوگئی بلکہ اس نے بھاگنا شروع کردیا،اس کو اپنے مخالفین کو جیل بھیج کر خوشی ہوتی تھی لیکن اب جیل کے خوف سے 4 ماہ لوگوں کو ڈھال بنائے رکھااور نوجوانوں کو گمراہ کرتا رہا، نوجوانوں کو ٹریننگ دیتا رہا،فوج کے خلاف کہانیاں گھڑتا رہا،اس نے لوگوں کو کہا میری گرفتاری پر ملکی تنصیبات پر حملے کرنے ہیں،جن لوگوں کویہ غلط سبق پڑھاتا رہا ان لوگوں نے گھروں کو آگ لگائی، سرکاری املاک کو آگ لگائی،یہ نوجوانوں کو سکھاتا تھا کہ میری گرفتاری ریڈ لائن ہے مگرکسی شہر میں 5 سے 10 ہزارلوگوں اکٹھے نہیں ہوئے بلکہ صرف 2 ڈھائی سو کے قریب شرپسند اکٹھے ہوئے اور انہوں نے جناح ہاؤس جلایا، حساس تنصیبات پر حملے کئے، آئی ایس آئی کے دفتر پر دھاوا بولا،شہدا کی یادگاریں تباہ کیں، میرے گھر پر حملہ کیا حتیٰ کہ غلام محمد آباد ہسپتال کو بھی نہیں بخشا لہٰذاایسے لوگ کسی رعایت کے مستحق نہیں لیکن وہ یقین دلاتے ہیں کہ کسی بے گناہ کے خلاف کوئی کاروائی نہیں ہوگی۔وہ اتوار کی رات گئے دو چک رام دیوالی سرگودھا روڈ فیصل آباد میں نادرا کے نئے دفتر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے