مودی حکومت2024کے انتخابات جیتنے کے لیے یاسین ملک کو قربانی کا بکرا بنارہی ہے، حریت رہنما

0
479

سرینگر(این این آئی) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آزادی پسند رہنمائوں اور تنظیموں نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی ہندوتوا حکومت2024کے انتخابات جیتنے کی خاطر اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو بحال کرانے کے لئے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو پھانسی دینے کی سازش کر رہی ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ، خادم حسین اور سید سبط شبیر قمی سمیت حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے سرینگر میں اپنے بیانات میں نئی دہلی کی ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کی بھارت کی بدنام زمانہ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کے اقدام کی شدید مذمت کی۔ جس کے تحت حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے رچائی گئی سازش کے حصے کے طور پر یاسین ملک کے لیے سزائے موت کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے این آئی اے کے اقدام پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ یہ کشمیری قیادت کو ختم کرنے کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نسل پرست حکومت کی متعصبانہ ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے جو ہر اس کشمیری کو قتل کرنا چاہتی ہے جو کشمیر پر بھارتی بیانیہ کوتسلیم کرنے سے انکار کرتا ہے۔ڈی ایف پی کے ترجمان نے بی جے پی کو مشورہ دیا کہ وہ کشمیر کی تاریخ کا مطالعہ کرے اور اس حقیقت کا ادراک کرے کہ وہ جائز سیاسی آوازوں کو جیل میں ڈال کر یا پھانسی کے پھندے پر چڑھاکر دبا نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی شہادت نے کشمیریوں کے عزم کو مزید پختہ کیا اور ان کے جذبہ آزادی کو تقویت دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مودی کی زیرقیادت بہری، گونگی اور اندھی حکومت کے لیے چشم کشا ہونا چاہیے جو خطے میں ہر قسم کے اختلاف رائے کو دبانے پر تلی ہوئی ہے۔ ڈی ایف پی کے ترجمان نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کاسخت نوٹس لیں اور بھارت کو کشمیری رہنمائوں کو سزا دینے کے لیے اپنی کینگرو عدالتوں کا استعمال کرنے سے روکیں