ڈاکٹر فائی کی ترکیہ کے صدارتی انتخابات میں تاریخی فتح پر اردوان کو مبارکباد

0
439

واشنگٹن(این این آئی) ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے جموں و کشمیر کے عوام کی جانب سے رجب طیب اردوان کو جمہوریہ ترکیہ کا دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈاکٹر فائی نے واشنگٹن میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ہم کشمیری نژاد امریکی شہری آپ کو جمہوریہ ترکیہ کے صدر کے طور پر دوبارہ منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ترکیہ کی جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے لیے صدارتی انتخاب جیتنے کے ساتھ ساتھ ترکیہ کی عظیم الشان اسمبلی کا انتخاب جیتنا واقعی ایک تاریخی اور اہم موقع ہے۔ڈاکٹر فائی نے کہا کہ جیسے ہی آپ اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے ،میں چاہتا ہوں کہ آپ جان لیں کہ کشمیری نژاد امریکیوں کی نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں۔ ہم ایک چھوٹی سی کمیونٹی ہیں، لیکن یہ تقریبا مکمل طور پر پیشہ ور افراد پر مشتمل ہے۔انہوں نے کہاکہ صدر اردوان امت کے تمام بے آواز لوگوں کی آواز ثابت ہوئے ہیں، چاہے وہ فلسطین ہو، روہنگیا مسلمان ہوں یا یمن، مصر، شام، افغانستان، کشمیر اور دیگر علاقوں کے مسلمان ہوں۔ڈاکٹرفائی نے کہاکہ کشمیری قوم مختلف مواقع پر نہ صرف ملکی اور علاقائی بلکہ بین الاقوامی سطح پر دیے گئے آپ کے بیانات سے بہت خوش ہے۔مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے آپ کی تجویز سب سے زیادہ قابل فہم اور قابل عمل ہے جب آپ نے کہا تھا کہ”ہمیں مزید جانی نقصان نہیں ہونے دینا چاہیے اور کثیر الجہتی بات چیت کو مضبوط بنا کر ہم اس میں شامل ہو سکتے ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں کثیر الجہتی بات چیت کے ذریعے اس مسئلے کو حل کرنا چاہیے۔ہمیں اس مسئلے کو ایک بار اور ہمیشہ کے لیے حل کرنے کا طریقہ نکالنا ہوگا”۔ڈاکٹرفائی نے کہاکہ اس وقت تجویز کو غیر روایتی انداز میںدیکھا گیا تھا لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ یہ عالمی قیادت کا ایک شاندار مظاہرہ تھا جسے اقوام متحدہ امن، بین الاقوامی سلامتی اور انسانی بہتری کے لئے استعمال کرسکتا ہے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75ویں اجلاس میں آپ کے الفاظ کشمیری عوام کی امنگوں کی حقیقی ترجمانی تھے۔