بطور ایٹمی ملک کوئی ہمیں غلام نہیں بنا سکتا مگر ہمارے نوجوانوں کو غلامی کا درس دیں گے تو کیا مستقبل ہوگا ‘ احسن اقبال

0
309

لاہور( این این آئی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ بطور ایٹمی ملک کوئی ہمیں غلام نہیں بنا سکتا لیکن اگر ہمارے نوجوانوں کو غلام کا درس دیں گے تو کیا مستقبل ہوگا، ہمیں خود کو معاشی طورپر کھڑا کرنا ہے کیونکہ معیشت سے ہی قومیں آگے چلتی ہیں، آئی ایم ایف سے بات چیت جاری ہے ،جلد معاملات طے پانے کے بعد مارکیٹ میں جو دبائو اوربے یقینی کی صورتحال ہے جلد ختم ہو جائے گی،آئینی مدت پوری ہونے پر الیکشن بروقت ہوں گے،حماقت سے کے پی اور پنجاب کی اسمبلیاں توڑی گئیں،90روز کے اندر الیکشن کا فیصلہ سیاسی تھا آئینی اور قانونی نہیں،وہ لوگ جنہوں نے مئی کے واقعات میں جرم کیا ان کے خلاف ثبوت موجود ہیں، اگر کسی نے ریڈ لائن یا ریاست کے خلاف دہشت گردی کی تو اسے دہشت گردی ہی کہیں گے، پاکستان جہاں کھڑا ہے کسی ایک لیڈر یا پارٹی کے پاس اصلاحیت نہیں طوفان سے باہر نکال لے، اسوقت ہر کوئی تقسیم ہے جو شکست کی وجہ ہے اگر ہم متحد ہوگئے تو پاکستان کامیاب ہوجائے گا، ٹیکنالوجی کی دنیا میں تبدیلی آرہی ہے اور ہمیں آگے بڑھنے کیلئے خود کو جدید خطوط کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی ارفع کریم ٹاور میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے وائس چانسلر سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ آج پاکستان جہاں کھڑا ہے کسی ایک لیڈر یا کسی ایک پارٹی کے پاس صلاحیت نہیں کہ تنہا پاکستان کو مشکلات سے نکال سکے ،آج ہمیں ایک ہو کر ملک کو مشکل سے نکالنا ہو گا،پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے،کوئی شخص اگر نوجوانوں کو بار بار کہے گا کہ ہم غلام ہیں تو اس کی دماغی حالت کیا ہو جائے گی ،ایک ایٹمی طاقت کے نوجوان کیسے غلام ہو سکتے ہیں، کوئی ہمیں غلام بنانے کا نہ سوچے ہم ایک آزاد قوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آ گے بڑھنے کیلئے خود کو جدید خطوط کے مطابق ڈھالنا ہوگا،نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے لیپ ٹاپ دئیے،پاکستان میں فری لانسنگ تیزی سے بڑھ رہی ہے،فیصلہ کیا ہے دوبارہ نوجوانوں کے لئے لیپ ٹاپ سکیم شروع کریں۔انہوں نے کہا ہے کہ ماضی کے وہ تما م اصول اور کلیے جنہوں نے انسانی تر قی کا پیما نہ طے کیا وہ اب نا کا م ہو رہے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ انہیں آج لیڈنگ آئی ٹی یونیورسٹی دیکھنے کا موقع ملا ،پاکستان کے نوجوان اپنی صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں، آج سے چند سال پہلے نوکیا اور بلیک بیری موبائل فون مارکیٹ کے بادشاہ تھے،آج نوکیا اور بلیک بیری ٹیلی کمیونیکیشن کے عجائب گھر کا حصہ ہیںکیونکہ انہوں نے بدلتے ماحول اور ٹیکنالوجی کے ساتھ خود کو اپڈیٹ نہیں کیا اب مقابلہ بہت سخت ہو چکا ہے۔ہر روز ٹیکنالوجی کی دنیا میں تبدیلی آرہی ہے،تبدیلی کو قبول کرنا چاہیے تاکہ وقت کے ساتھ چلا جا سکے، ہم نے یہ سب دیکھتے ہوئے ماضی میں اپنی حکومت میں وژن 2025 ء پلان کیا تھا اور یہ اس وقت جب ملک میں بدترین لوڈ شیڈنگ ،معاشی بحران اور لا اینڈ آرڈر کی حالت خراب تھی، ہمیں یقین تھا کہ اس میں کامیاب ہو پائیں گے