پاکستان پلاسٹک کی آلودگی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے پلاسٹک کے مرحلہ وار خاتمے کیلئے پرعزم ہے،وزیراعظم

0
177

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان پلاسٹک کی آلودگی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے پلاسٹک کے مرحلہ وار خاتمے کے لئے پرعزم ہے،آنے والی نسلوں کیلئے صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔ پیر کو ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر کواپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان پلاسٹک کی آلودگی سے نمٹنے کے لیے پلاسٹک کے ایک بار استعمال کے بعد اس کے خاتمے کے لئے عالمی برادری کی کوششوں میں شامل ہونے کے حوالے سے اپنے عزم کی تجدید کرتا ہے۔انہوںنے کہاکہ حکومت پلاسٹک کی آلودگی کے خاتمے کے لئے قانونی طریقہ کار مرتب کرنے کے حوالے سے قومی اور بین الاقوامی فریقین کے ساتھ فعال طور پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ اسلام آباد میں پلاسٹک کے استعمال کی ممانعت سے متعلق 2023 کے ریگولیشن پر کام کیا جارہا ہے اور اس ضابطے کے تحت جامع فریم ورک میں پلاسٹک کے استعمال کو مرحلہ وار ختم کرنے کے لئے مدت کا تعین کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن معاشرے کے تمام طبقات حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے اکٹھے ہوں اور ری سائیکلنگ کے اقدامات کو کامیاب بنانے کے لیے شعور اجاگر کریں۔ انہوں نے کہا کہ نے والی نسلوں کے لیے صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔