پاکستان اور عراق کے درمیان مشترکہ منصوبوں اور تعاون کے ذریعے برادرانہ تعلقات کو مستحکم کرنے کا یہ بہترین وقت ہے،وزیر خارجہ

0
363

بغداد(این این آئی)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور عراق برادر ممالک ہیں جو مضبوط تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں سے منسلک ہیں، دونوں اطراف ایک دوسرے کیلئے بے پناہ نیک خواہشات موجود ہیں، مشترکہ منصوبوں اور تعاون کے ذریعے اپنے برادرانہ تعلقات کو مستحکم کرنے کا یہ بہترین وقت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ عراق کے دوران بغداد میں پاکستانی اور عراقی تاجر برادری کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر، وزیر اعظم اور عراقی ہم منصب کے ساتھ بات چیت کے دوران ہم نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو میں عراق کے ساتھ تعاون اور پانی کے انتظام اور زراعت میں مہارت کے اشتراک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے تعاون کے نئے اور اختراعی خیالات کو تلاش کرنے کا عزم کیا ہے جس میں کنیکٹیویٹی، بندرگاہوں کے رابطے اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون شامل ہیں، دونوں ممالک کی کاروباری برادری کی سہولت کے لیے ہم نے تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لیے ویزا کے لچکدار نظام اور کاروباری وفود کے تبادلے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کاروبار کرنے میں آسانی کے اپنے اقدام کے ایک حصے کے طور پر پاکستان آنے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ویزا کی سہولت اور طویل مدت کے ویزے کے اجراء کیلئے پہلے ہی انتظامات کئے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور عراق نے دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں جن کا مقصد ثقافتی تعاون کو مزید فروغ دینا اور سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا چھوٹ کی سہولت میں توسیع کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے لوگوں کے درمیان رابطوں اور اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو کافی حد تک فروغ دیں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ زائرین کے متعلق مفاہمت نامے کا مقصد زائرین کی مقدس مقامات کی زیارت کیلئے قانونی نقل و حرکت کو آسان بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث مسرت ہے کہ عراق نے نجف میں قونصل خانہ کھولنے کی ہماری درخواست پر اتفاق کیا ہے، یہ مثبت پیش رفت دو طرفہ تعلقات کی رفتار کو مزید بلندیوں تک لے جائے گی۔ انہوں اس یقین کا اظہار کیا کہ دونوں طرف کی کاروباری برادریاں ان انتظامات سے فائدہ اٹھائیں گی جو ہمارے برادرانہ اور تاریخی تعلقات کے مطابق تجارت کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم اپنی کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنے اور عراق سے پاکستان کو رقوم کی منتقلی کے سلسلے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے بھی بات چیت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دوطرفہ تجارت دونوں ممالک کے درمیان وسیع امکانات کے مطابق نہیں، پاکستان کی سنگل کنٹری نمائش مارچ 2022 میں بغداد میں منعقد ہوئی جس میں 20 ملین ڈالر کے سودے ہوئے،یہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے،