ایران پرامن مقاصد کے لیے یورینیم افزودگی کی حدسے تجاوز نہ کرنے کا عہد کرے، جی سی سی

0
155

قاہرہ(این این آئی)خلیج تعاون کونسل نے کہا ہے کہ ایران کو چاہیے کہ پرامن مقاصد کے لیے یورینیم کی افزودگی کی حد سے تجاوز نہ کرنے کا عہد کرے۔ جی سی سی نے کہا کہ ایران کی جانب سے بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے ساتھ مکمل تعاون کے عزم کی ضرورت ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کونسل نے ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے ہونے والے تمام مذاکرات میں اپنی شرکت کی اہمیت پر زور دیا ۔ جی سی سی نے ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات میں سلامتی کے تمام مسائل کو شامل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ خلیج تعاون کونسل نے کہا کہ ہر اس چیز سے نمٹنے کی ضرورت ہے جس سے میری ٹائم نیوی گیشن اور تیل کی تنصیبات کو خطرہ ہو۔خلیج کی عرب ریاستوں کے لیے تعاون کونسل کی وزارتی کونسل کا 156 واں اجلاس اتوار کو جنرل سیکرٹریٹ کے ہیڈ کوارٹر ز میں سلطنت عمان کے وزیر خارجہ بدر بن حمد بن حمود البوسیدی کی سربراہی میں منعقد کیا گیا۔جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزارتی کونسل نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کے بارے میں سپریم کونسل کے 43 ویں اجلاس میں فیصلوں کی توثیق کی اور اس کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کی بنیادوں کو اچھی ہمسائیگی اور باہمی تعلقات کے اصولوں کے احترام کے ساتھ وابستہ کیا۔اعلامیہ میں ایران کے ساتھ تعلقات کو بین الاقوامی اصولوں، قوانین اور معاہدوں، اندرونی معاملات میں عدم مداخلت، تنازعات کو پرامن طریقوں اور براہ راست بات چیت سے حل کرنے، طاقت کے استعمال یا دھمکی نہ دینے اور ہر وہ چیز جو خطے میں سلامتی، استحکام اور امن کے ستونوں کے تحفظ کی ضمانت دیتی ہے سے جوڑا گیا۔