سیکرٹری دفاع کا ایران کا دورہ ، حکام سے ملاقاتیں ، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

0
168

اسلام آباد (این این آئی)سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمود الزمان خان نے ایرانی نائب وزیر دفاع سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امورپر گفتگو کی گئی ۔سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمود الزمان خان نے دفاعی وفد کے ہمراہ اسلامی جمہوریہ ایران کا دورہ کیا۔ایرانی نائب وزیر دفاع نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سیکرٹری دفاع نے پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دوطرفہ تعلقات باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کے اصولوں پر استوار ہوتے رہیں گے۔دورے کے دوران پی ایم ایس اے اور ایرانی سرحدی محافظوں کے درمیان میری ٹائم تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔ ایم او یو پی ایم ایس اے اور ایرانی سرحدی محافظوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرے گا۔دونوں فریقین کا مقصد مشترکہ مفاد کے مختلف شعبوں بشمول سیکورٹی، مشترکہ انسداد دہشت گردی کے اقدامات اور علاقائی اقتصادی روابط کو یقینی بنانا ہے۔