ہم نے تحریکِ انصاف کا ایجنڈا پاش پاش کر دیا،مولانا فضل الرحمن

0
217

ٹانک (این این آئی)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہاہے کہ ہم نے تحریکِ انصاف کا ایجنڈا پاش پاش کر دیا،پہلے ہی کہا تھا پی ٹی آئی کے پاس بیرونی ایجنڈا ہے، پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے پر موم بتی مافیا اور اسرائیل رو رہا ہے مولانا فضل الرحمٰن نے ٹانک میں اسعد محمود کے ہمراہ ٹانک پیزو روڈ توسیعی منصوبے کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی کے خلاف کلمہ حق بلند کیا۔انہوںنے کہاکہ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے پاس بیرونی ایجنڈا ہے، پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے پر موم بتی مافیا اور اسرائیل رو رہا ہے۔سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ فرینڈ آف اسرائیل کمیٹی کے ارکان چیئرمین پی ٹی آئی کی حمایت میں رو رہے ہیں، پاکستان کی مخالفت میں ڈی پورٹ خاتون بھی ایک شخص کی حمایت کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بلاوجہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف باتیں نہیں کیں، پی ٹی آئی کی حکومت کا تختہ الٹ کر فتنے کی سرکوبی کر دی گئی ہے۔مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اگلے الیکشن اور اس کے بعد بھی پاکستان کی اسلامی شناخت کو متعارف کرایا جائے گا، پسماندہ ضرور ہیں لیکن ایسا نہیں کہ ہمارے پاس وسائل نہیں۔انہوںنے کہاکہ ٹانک شہر کو ہمیشہ پینے کے پانی کی شکایت رہی ہے، گومل زام ڈیم سے پینے کا صاف پانی ٹانک کو فراہم کریں گے، پینے کے پانی کا یہ منصوبہ 100 ارب روپے کا ہو گا۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ بڑے منصوبوں کی وجہ سے کچھ آبادیاں بھی متاثر ہوتی ہیں، لیکن آبادیوں کے حقوق غصب نہیں ہوں گے، سی پیک کے ساتھ یارک انٹرچینج سے ٹانک کو ملایا جا رہا ہے۔اس موقع پر دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ 38 کلو میٹر طویل سڑک کی توسیع پر 4 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔